سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی قومی مہم کا آغاز ایک تاریخی قدم ہے ،ہر سال پاکستان میں تقریباً 5 ہزار خواتین سروائیکل کینسر کا شکار ہو جاتی ہیں ، سید مصطفیٰ کمال

بدھ 17 ستمبر 2025 17:29

سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی قومی مہم کا آغاز ایک تاریخی قدم ہے  ،ہر سال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی قومی مہم کا آغاز ایک تاریخی قدم ہے ،ہر سال پاکستان میں تقریباً 5 ہزار خواتین سروائیکل کینسر کا شکار ہو جاتی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے حوالے سے منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے 150 سے زائد ممالک اپنے قومی ویکسینیشن پروگرامز میں HPV ویکسین شامل کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھی اپنے بچوں اور خواتین کے تحفظ کے لئے عملی قدم اٹھایا ہے ،مہم کا پہلا مرحلہ پنجاب ،اسلام آباد ، سندھ اور آزاد جموں و کشمیر میں جاری ہے جبکہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان نے دوسرے مرحلے کے آغاز کے لئے وقت طلب کیا ہے ،عالمی سطح پر تسلیم شدہ ویکسین ہے ،جھوٹے پروپیگنڈوں پر یقین مت کریں،ہر سال پاکستان میں تقریباً 5 ہزار سروائیکل کینسر کا شکار ہونے والی خواتین میں سے 3 ہزار خواتین جان کی بازی ہار جاتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی خاتون جھوٹے پروپیگنڈے کی وجہ سے ویکسین نہ لگوائے اور کینسر میں مبتلا ہو جائے تو اس کا ذمہ دار کون ہو گا؟ جو لوگ جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں وہ خدا سے ڈریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر چیز کو سیاست کی نذر نہ کریں ،جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کو دنیا و آخرت میں اس کا حساب دینا پڑے گا ۔ سروے کے مطابق پاکستان میں ایک کروڑ 30 لاکھ افراد بیماریوں کے باعث سطح غربت سے نیچے چلے گئے ہیں ،جھوٹے اور منفی پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں، اپنی بچیوں کو اس موذی مرض سے بچائیں اور ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت سیاست سے بالاتر ہے اور قوم کی بیٹیوں کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔