لاہور ہائیکورٹ ،چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے متعلق زبانی بیان مسترد

عدالتی احکامات پر عملدرآمد رپورٹ بذریعہ درخواست داخل کیا جائے،ہدایت

جمعہ 20 اپریل 2018 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے متعلق زبانی بیان کو مسترد کر دیا اور ہدایت کی کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد رپورٹ بذریعہ درخواست داخل کیا جائے تفصیلات کے مطابق جسٹس شجاعت علی خان نے عبدالشکور اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں عدالتی حکم کے باوجود بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں درجہ ایک سے گیارہ کے ملازمین کو نوکریوں پر مستقل نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے عدالتی حکم پر چئیرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم پر تمام ملازمین کو مستقل کر دیا گیا جس پر عدالت نے چیئرمین بورڈ کا زبانی بیان مسترد کردیا اور ہدایت کی کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد رپورٹ بذریعہ درخواست ہائیکورٹ داخل کی جائے جس کی کاپی درخواست گزار وکیل ایڈوکیٹ کو بھی فراہم کی جائے عدالت نے درخواستگزار کے وکیل سے کہا کہ وہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد رپورٹ کو جائزہ لیں اور ضروری سمجھیں تو اس پر اعتراضات داخل کریں عدالت نے چیئرمین بورڈ کی آئندہ سماعت پر حاظری کے لیے استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کردی۔