وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی دولت مشترکہ سربراہان حکومت کے اجلاس کے دوسرے روز تین ریٹریٹ سیشن میں شرکت

برطانوی وزیر اعظم سے بھی ملاقات ،ْ باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال

جمعہ 20 اپریل 2018 23:46

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی دولت مشترکہ سربراہان حکومت کے اجلاس کے ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دولت مشترکہ سربراہان حکومت کے اجلاس کے دوسرے روز جمعہ کو دولت مشترکہ ممالک کے رہنمائوں کے ہمراہ تین ریٹریٹ سیشن میں شرکت کی۔ ونڈسر کیسل میں ریٹریٹ سیشنز کے دوران وزیراعظم نے دولت مشترکہ سے تعلق رکھنے والے مختلف رہنمائوں کے ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جو دولت مشترکہ سربراہان حکومت کے 25 ویں اجلاس میں شرکت کے لئے یہاں موجود ہیں، نے گزشتہ روز ایگزیکٹو سیشنز میں سرگرمی سے شرکت کی اور معیشت، سیکورٹی اور پائیدار ترقی کے بارے میں پاکستان کے نکتہ نظر کو موثر انداز میں اجاگر کیا۔ پاکستان 53 رکنی دولت مشترکہ کے بانی ارکان میں سے ایک ہے اور تنظیم میں نہایت فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے جمعہ کو یہاں ونڈسر کیسل میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ یہ ملاقات دولت مشترکہ سربراہان حکومت کے 25 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔