خیبر پختونخوا میں پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے خصوصی تربیتی ادارے قائم کئے ہیں، ڈاکٹر خالد چوہان

ہفتہ 21 اپریل 2018 15:43

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) ڈی آئی جی سپیشل برانچ مظفرآباد ڈاکٹر خالد چوہان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں پولیس فورس کی پروفیشنل استعداد کار بڑھانے کیلئے خصوصی تربیت کے ادارے قائم کئے گئے ہیں، خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے جہاں پولیس فورس نے مسلح افواج کے شانہ بشانہ عظیم جرات اور بہادری کے ساتھ جنگ لڑی ہے، یہ انتہائی قابل ستائش ہے اور ہم خیبر پختونخوا پولیس کو سلام پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو پولیس سکول آف انٹیلی جنس ایبٹ آباد میں تربیت مکمل کرنے والے افسران کی تقسیم اسناد کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی سے متاثرہ صوبہ میں پیشہ وارانہ اور قابل ستائش گرانقدر خدمات کی بدولت امن قائم کیا، کسی بھی ادارہ کو پیشہ وارانہ لحاظ سے اعلیٰ مقام اس وقت ملتا ہے جب جدید تربیت کے ساتھ عملی زندگی میں بھی سہولیات مہیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حصول علم وقت اور عمر کی قید سے آزاد ہے، حضور اکرمؐکے فرمان کے مطابق پیدائش سے وفات تک تعلیم کا عمل جاری رہتا ہے، آپؐ کا فرمان ہے کہ حصول تعلیم کیلئے چین بھی جانا پڑے تو گریز نہیں کرنا چاہئے ۔