ڈے اینڈ نائٹ پاکستان کپ 25 اپریل سے فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم شروع ہوگا

ہفتہ 21 اپریل 2018 16:26

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2018ء) ڈے اینڈ نائٹ پاکستان کپ 25 اپریل سے فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم شروع ہوگا جبکہ ملک بھر سے پانچ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں اس سلسلہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام فیصل آباد کی انتظامیہ نے فول پروف سیکورٹی سمیت تمام تر ضروری انتظامات حتمی شکل دیدی۔ آن لائن کے مطابق ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے پاکستان کپ کے انعقاد کے حوالے سے امور کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں بتائی۔

اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے جنرل مینجر ڈومیسٹک کرکٹ اپریشن شفیق احمد،صدر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن محمد انور، کیئر ٹیکر اقبال سٹیڈیم نوید نذیر ودیگر موجود تھے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ50 ،50 اوور پر مشتمل ڈے اینڈ نائٹ کپ 6 مئی تک جاری رہے گا جس میں ملک بھر سے پانچ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جبکہ شہر بھر میں 14 مختلف مقامات پر ٹکٹوں کی فروخت کی جائے گی اور ٹھنڈی کھوئی کے قریب 100 اور 200 روپے کے ٹکٹس کی فروخت کے لئے سکس ونڈو کنٹینر بھی رکھا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کپ کے خوشگوار ماحول میں انعقاد کے سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے حکمت عملی وضع کر لی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شائقین کرکٹ کے لئے بہترین ماحول کی فراہمی کے ساتھ پارکنگ کے بھی مناسب انتظامات کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ تمام متعلقہ محکموں کو ذمہ داریوں سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔