ایبٹ آباد، دو روزہ بین الصوبائی کک باکسنگ چیمپئن شپ کل سے شروع ہو گی

جمعہ 3 جولائی 2026 16:43

ایبٹ آباد،  دو روزہ بین الصوبائی کک باکسنگ چیمپئن شپ کل سے شروع ہو گی
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2026ء) ایبٹ آباد، ہزارہ ریجن کک باکسنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام دو روزہ بین الصوبائی کک باکسنگ چیمپئن شپ آل پاکستان کنگ آف رینگ سیریز تھری کا انعقاد کل بروز ہفتہ سے ہو گا، جس میں ملک بھر سے نامور کک باکسرز اور بہترین ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ​ایونٹ کی انتظامی کمیٹی اور ہزارہ ریجن کک باکسنگ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے اس میگا ایونٹ کو تاریخی بنانے کے لیے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

صدر ہزارہ ریجن کک باکسنگ ایسوسی ایشن سردار ارسلان ظفر ایڈوکیٹ نے کہا کہ آل پاکستان کنگ آف رینگ سیریز تھری کا انعقاد ہزارہ ریجن خصوصاً ایبٹ آباد کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نہ صرف ملک بھر کے ٹاپ کک باکسرز کو ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، بلکہ مقامی نوجوانوں کو بھی مارشل آرٹس کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ وہ آگے چل کر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے رہائش، سکیورٹی اور دیگر تمام انتظامات بہترین انداز میں مکمل کر لیے ہیں۔ ایبٹ آباد کے کھیلوں کے شائقین کے لیے یہ ایک یادگار ویک اینڈ ہو گا اور ہم تمام کھیلوں کے شوقین افراد کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور ان نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں۔ اس حوالے سے ​سیکرٹری ہزارہ ریجن کک باکسنگ ایسوسی ایشن محمد الیاس نے کہا کہ اس چیمپئن شپ میں پاکستان کے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے مایہ ناز ٹیمیں اور فائٹرز حصہ لیں گے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کنگ آف رینگ ملک کا ایک معتبر برانڈ بن چکا ہے۔