نظریہ پاکستان کونسل اور مریدِ اقبال فائونڈیشن انٹرنیشنل کے اشتراک سے علامہ اقبال کی برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد

ہفتہ 21 اپریل 2018 17:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) نظریہ پاکستان کونسل اور مریدِ اقبال فائونڈیشن انٹرنیشنل واہ کے اشتراک سے علامہ اقبال کی برسی کے موقع پر ایوانِ قائد میں ہفتہ کو ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں کونسل کے سینئر وائس چیئرمین میاں محمد جاوید نے بطورمہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاعرِ مشرق علامہ اقبال کا کلام صرف برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ہی نہیں پوری ملتِ اسلامیہ کے لئے بیداری فکر و عمل کا پیغام تھا۔

وہ اپنے دور کے صاحبِ معرفت ولی اور مستقبل شناس دانشور تھے جن کے پیغامِ حریت نے وہ انقلاب برپا کیا جو قیامِ پاکستان کے علاوہ انیسویں صدی کی چار انقلابی تحریکوں کی بنیاد بنا۔ ۔ اس موقع پر مریدِاقبال فائونڈیشن کے چیئرمین پروفیسر ایس ایم کاظمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقبال ایک زمانے کا نہیں ہر آنے والے دور کا شاعر ہے۔

(جاری ہے)

اسی لیے نئی نسل کو ان کے پیغام سے زیادہ سے زیدہ واقف ہونا چاہیے تاکہ اس پیغام کی روح، خوشبو اور جذبہ ذہنوں میں محفوظ ہو کر آنے والے وقتوں تک پہنچتا رہے۔

تقریب میں معروف شاعر وفا چشتی، معلمہ نرگس جہانزیب اور انجم خلیق نے بھی خطا ب کیا جبکہ ننھی گلوکارہ راجعہ ایمان نے کلام اقبال ترنم سے اور سرسید انوویٹو سکول اسلام آباد اور آئی اون سکول واہ کے طلبہ و طالبات نے ٹیبلو اور نزاکت علی ، ناصر علی فریدی اور ساتھیوں نے قوالی کے انداز میں کلامِ اقبال پیش کیا۔ علامہ اقبال کی زندگی کے مختلف ادوار کی تصاویر اور کلامِ اقبال پر مصورانہ خطاطی کے شاہکار وںپر مشتمل نمائش بھی پروگرام کا حصہ تھی جو 27اپریل تک جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :