خطیر رقم کے ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکے سیاسی بنیادوں پر دیکر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا ہے،ندیم خان

ہفتہ 21 اپریل 2018 17:55

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) نیوینگ اتحاد ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین ندیم خان نے کہا ہے کہ شہریوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے خطیر رقم کے ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکے سیاسی بنیادوں پر دیکر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا ہے، ایف آئی اے، نیب و دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نوٹس لیکر کروڑوں روپے کے ترقیاتی کاموں کی صاف و شفاف تحقیقات کرکے ٹھیکیداروں کیخلاف سخت کارروائی کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں آئندہ پیش ہونیوالے بجٹ کے حوالے سے منعقدہ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب صدر نور محمد لاشاری،جنرل سیکریٹری رضوان عباسی،امن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری عارف عباسی ،نائب پریس سیکریٹری نعیم احمدودیگرعہدیداران وکارکنان موجود تھے۔

(جاری ہے)

ندیم خان کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں کے منظور نظر ٹھیکیداروں نے شہر بھر میں کرائے گئے ترقیاتی کاموں میں انتہائی ناقص مٹیریل استعمال کیا ہے جس کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک منتقل نہیں ہوئے ہیں اور شہر آج بھی کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے، شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، دھول و مٹی کا اڑنے والا طوفان شہریوں کے لئے درد سر بنا ہوا ہے، جس شاہراہ کی تعمیر کی ضرورت نہیں تھی اسے بھی دوبارہ سے تعمیر کرکے رقم کو ضائع کیا گیا ہے جبکہ جن مقامات پر شاہراہوں کو تعمیر کرنا تھا وہاں پر تعمیراتی کام نہیں کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ کروڑوں روپے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ خرد برد اور ترقیاتی کاموں میں ناقص مٹیریل کے استعمال کی وجہ سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پھیل رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف آئی اے، نیب و دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام سکھر شہر میں کرائے گئے ترقیاتی کاموں کی صاف و شفاف تحقیقات کرکے ملوث ٹھیکیداروں کیخلاف سخت کارروائی کریں۔

متعلقہ عنوان :