سی ٹی او کی جانب سے سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی تیزکرنے کی ہدایت‘ رواں ماہ کے دوران ناجائزاسلحہ کے ایک سو مقدمات درج

ہفتہ 21 اپریل 2018 22:55

گوجرانوالہ۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) سٹی پولیس آفیسراشفاق خان کے احکامات کے پیش نظر ضلعی پولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے رواں ماہ کے دوران ناجائز اسلحہ کے ایک سومقدمات درج کر کے ملزمان سے ایک سوغیر قانونی ہتھیار برآمد کئے ،جن میں تین کلاشنکوفیں ، چھ رائفلیں ،سات بندوقیں، چوراسی پسٹلز،ایک کاربین اورسیکڑوں گولیاں شامل ہیں۔

جب کہ اس دوران منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 141مقدمات درج کر کے چار کلو گرام سے زائدہیرؤئن ،اٹھائیس کلو گرام سے زائد چرس اور شراب کی سات سو سے زائد بوتلیں برآمد کی گئیں ۔شراب کی ایک چالو بھٹی اوردس شرابی بھی گرفتار کئے گئے ۔ مجرما ن اشتہاری کے خلاف چلائی گئی خصوصی مہم کے دوران سنگین مقدمات میں ملوث چار سو گیارہ مجرمان اشتہاری اورستائیس عدالتی مفرور بھی گرفتار کئے گئے۔

(جاری ہے)

ضرر اور لڑائی جھگڑے کے مقدمات میں نقص امن کے پیش نظرسینکڑوں اشخاص کے خلاف انسدادی کارروائی عمل میں لائی گئی اور انہیں بھاری مچلکوں کے عوض مجاز عدالتوں میں پابند ضمانت کروایا گیا ۔اسلحہ نمائش کے چھ، لاؤڈ سپیکر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایمپلی فائیر ایکٹ کے تحت پانچ مقدمات اورجواء ایکٹ کے تحت دومقدمات درج کر کے داؤ پر لگی ہوئی لاکھوں روپے کی رقم برآمد کی گئی۔پتنگ بازی کے خلاف پانچ مقدمات درج کیے گئے۔سی پی او اشفاق خان کا کہنا ہے کہ قانون شکن عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے کسی کو امن و امان میں خلل ڈالنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :