پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کا سائوتھ ایشین جونیئر اتھلیٹکس چیمپین شپ کیلئے 12 رکنی قومی ٹیم کا اعلان

اتوار 22 اپریل 2018 12:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل(ر) اکرم ساہی نے سائوتھ ایشین جونئیر اتھلیٹکس چیمپئن شپ کیلئے 12 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا۔ گذشتہ روز ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے بتایاکہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن نے چوہدری اقبال اختر کو ٹیم لیڈر جبکہ قاضی تنویر اور سمی رضوی کو کوچز مقرر کیا ہے۔

12 رکنی قومی ٹیم آٹھ مردوں اور چار خواتین کھلاڑی پر مشتمل ہوگی، مرد کھلاڑیوں میں محمد وسیم، محمد حمزہ، حسن رضا، محمد شہزاد، وقار یونس، معید بلوچ ، عبدالرزاق اور غلام محی الدین جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں تحریم، عیشا، ثائقہ اور نورالعین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپیئن شپ میں قومی ٹیم کے کھلاڑی مردوں کے 6 اور خواتین کے 3 ایونٹس میں حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ میں پاکستانی مرد کھلاڑی ڈیسک تھرو، 100میٹر ریس، 200 میٹر ریس، 400 میٹر ریس، 4X100 ریلے ریس اور 4X400 ریلے ریس جبکہ خواتین کھلاڑی 100میٹر ریس، 200 میٹر ریس اور 4X400 ریلے ریس کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو روزہ سائوتھ ایشین جونیئر اتھلیٹکس چیمپئن شپ 5 مئی سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں شروع ہوگی۔ جس میں آٹھ ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان سمیت میزبان سری لنکا، بھارت، مالدیپ، نیپال، بھوٹان، افغانستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلہ میں تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں جاری ہے اور ان کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ محمد اصغر گل کے علاوہ دیگر کوچز رانا سجاد، بشری پروین اور سمی رضوی جدید اور اعلی تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی 4 مئی کو سری لنکا روانہ ہونگے ۔