میشا شفیع کے علی ظفر پر الزامات ، ریشم کے بیانات سے سارا قصہ ہی ختم کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر اپریل 13:29

میشا شفیع کے علی ظفر پر الزامات ، ریشم کے بیانات سے سارا قصہ ہی ختم کر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2018ء) : ماڈل و گلوکارہ میشا شفیع نے ساتھی گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے جس کے بعد شوبز ستاروں میں چہ مگوئیاں ہونے لگیں۔ اسی معاملے پر نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے فلمسٹار ریشم نے کہا کہ جب ہم ایسے کسی اداکار اور آرٹسٹ سے متعلق کوئی ایسی بات سنتے ہیں جس نے ملک سے باہر جا کر ملک کی عزت کو بڑھایا ، تو ہمیں دھچکا لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے علی ظفر سے جب بھی بات کی مجھے ان کی کوئی بھی بات یا کوئی بھی حرکت چھچھوری اور اخلاقیات سے گری ہوئی نہیں لگی۔ مجھے نہیں لگتا یہ علی ظفر ایسا کر سکتے ہیں۔ ان کی شادی ہمارے سامنے ہوئی۔ ہم ان کی شادی میں گئے ، مختلف پارٹیز میں ہماری ملاقات ہوتی ہے، ایوارڈ شوز میں بھی ہم بیک اسٹیج ہنسی مذاق کرتے ہیں، علی ظفر نے کبھی بھی ایسا کوئی کام نہیں کیا۔

(جاری ہے)

ان کے پورے کیرئیر میں کبھی کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا اور نہ ہی انہوں نے کوئی ایسی حرکت کی جو پاکستان کے لیے بدنامی کا باعث بنی ہو۔ میں علی ظفر کو 19، 20 سال سے جانتی ہوں اور میرے ذاتی تجربے کے مطابق وہ بے حد اچھے انسان ہیں، اچھے دوست ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ میشا شفیع کے ساتھ کوئی غلط فہمی ہو گئی ہو جو ان کو خود بیٹھ کر حل کرنی چاہئیے، ریشم نے کہا کہ اس بات میں مجھے کوئی سچائی نہیں نظر آتی ، یقیناً اس معاملے کی سچائی کچھ اور ہے۔

میشا شفیع خود بھی قابل ہیں اور بڑی فنکارہ کی بیٹی ہے، یقیناً بات کچھ اور ہی ہے۔ ریشم کا کہنا تھا کہ آج کا مرد جتنا طاقتور ہے اتنی ہی عورت بھی طاقتور ہے ، اگر کوئی مرد اسے ہراساں کرنے کی کوشش کرے تو اللہ نے عورت کو ہاتھ دئے ہیں، تھپڑ مارے یا جوتی مارے۔ اسے مرد کو اس کی حد بتا دینی چاہئیے۔ ریشم نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں: