چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات کا کوہاٹ کے تفریحی مقام تاندہ ڈیم کی بحالی کے منصوبے کامعائنہ

پیر 23 اپریل 2018 21:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2018ء) چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا ضیاء اللہ بنگش ایم پی اے نے 1ارب سے زائدلاگت کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اپ لفٹ اینڈ بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ کے تحت جاری تاندہ ڈیم اور اس کے روڈز کے بحالی منصوبے کا معائنہ کیااور اس پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔معائنے کے دوران انہیں بتایاگیاکہ تاندہ ڈیم کوہاٹ کاواحدتفریحی مقام ہے جہاں روزانہ ہزاروں افراد اپنی فیملی کے ہمراہ سیر و تفریح کے لئے آتے ہیں لیکن سڑکوں کی زبوں حالی اور دیگر تفریحی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم اب تاندہ ڈیم کے اپروچ روڈ اور مین سٹرک کی تکمیل کے بعد کوہاٹ کے عوام کی مشکلات میں کمی ہوگی جبکہ انھیںسیر وتفریح کے بہتر ین مواقع میسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

تاندہ ڈیم بحالی منصوبے میں چلڈرن پارک اورٹورسٹ ریزارٹ کی تعمیر اور دوسری تفریحی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ ضیاء اللہ بنگش نے اس موقع پر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کے معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر کی اس کی وقت پر تکمیل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ اس پراجیکٹ میں تاخیر کی گنجائش نہیں۔دریں اثناء چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی نے شاہ آباد اربن 1 میں ٹیوب ویل کا بھی افتتاح کیا جس سے یہاں کے عوام کا درینہ مسئلہ حل ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :