مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بلاامتیاز عوام کی خدمت کی ہے،جمال عارف سہروردی

پیر 23 اپریل 2018 21:26

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی کونسل کے رُکن جمال عارف سہروردی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بلاامتیاز عوام کی خدمت کی ہے،عوام کی خدمت خالی نعروں سے نہیں ہوتی، نام نہاد تبدیلی کے دعویدار صرف کھوکھلے دعوے کرتے رہے، وہ لطیف آباد میں کارنر میٹنگ سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر تعلقہ لطیف آباد کے صدر فرحان خان یوسف زئی، نوید شیخ، وسیم احمد ، آصفہ ریاض اور دیگر بھی موجو دتھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں نے دھرنوں کے علاوہ عملی کام کچھ نہیں کئے ۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے ۔ آج وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ملک میں جاری کئے گئے ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) ہزار سازشوں کے باوجود پاکستان کی ترقی کیلئے آگے بڑھتی رہے گی۔ 22 کروڑ عوام عام انتخابات میں ان عناصر کی جھوٹ، منفی اورانتشار کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں گے،2018ء کے عام انتخابات میں محنت، امانت، دیانت اور عوامی خدمت کی سیاست کی جیت ہوگی ۔