اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ

پیر 23 اپریل 2018 23:11

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ ڈاکٹر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس ضمن میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا ۔اوور سیز کمیشن اور ضلعی اوور سیز کمیٹیوں کا قیام وزیر اعلی پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کا مقصد اور سیز پاکستانیوں کو ان کا حق دلوانا اور ان سے دھوکہ دہی کے مرتکب افراد کو قانون کے شکنجے میں لاناہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ اوور سیز پاکستانیز کمیٹی کے ماہانہ کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے کیا ۔ ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ضلعی اوور سیز کمیٹی عبدالرئو ف مغل ،ایس ایس پی آپریشنز محمد عمران ،اے ڈی سی (ایف اینڈ پی )نرگس شازیہ ، ممبرڈی او پی سی عدنان افضل چٹھہ ،محکمہ پولیس کے افسران ، اسسٹنٹ کمشنرز ( سٹی رائو سہیل اختر ،صدر رانا جمیل ، نوشہرہ ورکاں نویدالاسلام ورک، وزیر آبادفیصل عباس مانگٹ)، ایس این اے تنویر عباس اور دیگر محکموں کے افسران اور نمائندے شریک تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ ڈاکٹر عمر جہانگیر اور چیئرمین ڈسٹرکٹ اوور سیز کمیٹی عبدالرئوف مغل سمیت شرکاء اجلاس نے سی پی او اشفاق خا ن کی طرف سے اوور سیز پاکستانیوں کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ایس پیز کو خصوصی ٹاسک دیے جانے کے اقدام کو سراہا ،انہوں نے کہا کہ سی پی او کی قیادت محکمہ پولیس سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات اور مسائل 90فیصد حل ہو چکے ہیں جو کہ قابل تحسین عمل ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اوور سیز پاکستانیز کمیٹی کو موصول ہونے والی زیر التواء درخواستوں کوجلد نمٹانے کیلئے فریقین کو بلا کر براہ راست ان کے مسائل سنیں اور قانون کے مطابق میرٹ پر ان کے تحفظات کا ازالہ کریں ،انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اور انہیں ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا ۔

چیئرمین اوور سیز پاکستانیز کمیٹی حاجی عبدالرئوف مغل نے کہا کہ محکمانہ کوآرڈینیشن سے اور بہتر روابط سے زیر التوا کیسز کو بھی جلد حل کیا جائے تا کہ اصل مالکان کو ان کا حق دلوایا جا سکے ۔ایس ایس پی آپریشنز محمد عمران نے کہا کہ محکمہ پولیس کے افسران سی پی او محمد اشفاق خان کی سربراہی میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے شبانہ روز کوشاں ہیں اور انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ ان کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر حل کی جا رہی ہیں ۔