تعلیم سے جہالت کے اندھیروں میں روشنی لائی جاسکتی ہے ،کمشنرڈی جی خان

پیر 23 اپریل 2018 23:32

ڈی جی خان۔ 23اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن احمد علی کمبوہ نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے انسان کو علم اور فیصلے کی قوت دے کر اشرف المخلوقات کا مقام عطا کیا تعلیم سے جہالت کے اندھیروں میں روشنی لائی جاسکتی ہے ․ نوجوان نسل کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دی جائے ․ انہوںنے یہ بات اپنے دفتر میں وزیر اعلی پنجاب ادبی پروگرام یوتھ فیسٹیول کے تحت کالج سطح کے ڈویژنل حسن قرات و نعت خوانی کے مقابلے جیتنے والوں میں کیش ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ․ کمشنر نے کہاکہ انعامات سے طالب علموں میںحوصلہ افزائی کے ساتھ خود اعتمادی پیدا ہوگی ․ اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین نے مقابلوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ․ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز لیہ پروفیسر خادم حسین ، پرنسپل کامرس کالج پروفیسر سجاد حسین کے علاوہ پروفیسر ممتاز حسین شاہ ، پروفیسر منور حسین جتوئی ، پروفیسر فخر لطیف ، پروفیسر فاطمہ اصغر ، پروفیسر نویدہ کوثر کے علاوہ دیگر اساتذہ ، طلبائوطالبات اور والدین موجود تھے ․ کمشنر نے پوزیشن ہولڈرز میں بالترتیب 70ہزار روپے ، 60ہزار روپے اور 50ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے ․ اس موقع پر بتایاگیاکہ ڈویژنل سطح کے قرات کے مقابلوں میں مظفرگڑھ کالج کے حافظ محمد احسن نے پہلی ، لیہ کے عنایت اللہ نے دوسری اور راجن پور کے سید احمد علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی ․ خواتین کے مقابلوں میں لیہ کے مہوش نورین اول ، مظفرگڑھ کی سعیدہ اسرا دوم اور ڈیرہ غازیخان کی عمائمہ بی بی سوم رہیں ․ اسی طرح ڈویژنل حسن نعت خوانی میں لیہ کے محمد مبشر نے پہلی ، ڈیرہ کے محمد شان نے دوسری اور مظفرگڑھ کے شجر عباس نے تیسری پوزیشن حاصل کی ․ خواتین کے مقابلے میں ڈیرہ کی صنوبر فاطمہ اول ، راجن پور کی زہرا فاطمہ دوم اور مظفرگڑھ کی نمرہ ملک سوم رہیں۔