ایس ڈی جیز فور کا مشاورتی اجلاس، قومی ایس ڈی جیز کی رپورٹ کو حتمی شکل دینے کیلئے شعبہ تعلیم کے نمائندوں سے مشاورت اور ان کی تجاویز لی گئیں

منگل 24 اپریل 2018 20:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) تعلیم سے متعلق پائیدار ترقی کے اہداف ایس ڈی جیز فور کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں قومی ایس ڈی جیز کی رپورٹ کو حتمی شکل دینے کیلئے شعبہ تعلیم کے نمائندوں سے مشاورت اور ان کی تجاویز لی گئیں۔ منگل کو ہونے والے مشاورتی اجلاس میں 17 سے زائد ایجوکیشن آفیسرز، اعلیٰ تعلیم کے نمائندوں، ادبی اور غیر رسمی تعلیم، خصوصی تعلیم، ٹیوٹ، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور اساتذہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یونیسکو کی نمائندہ ویبک جینسن نے پاکستان میں ایس ڈی جیز فور پر رپورٹ کو حتمی شکل دینے کیلئے بحث و مباحثہ اور مشاورت کو پھیلانے کیلئے وزارت تعلیم و تربیت کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی پائیدار ترقی کے اہداف 2030ء میں مرکزی کردار اور دیگر 16 اہداف کے حصول کیلئے ضرورت ہے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری تعلیم و تربیت اکبر حسین درانی نے کہا کہ ایس ڈی جیز فور کا ایجنڈا پاکستان کے قومی ترقی کے ایجنڈا سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے تعلیم کی اہمیت اور ایس ڈی جیز فور کے حصول کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر اظہار خیال کیا۔ اجلاس سے وزارت تعلیم کے جوائنٹ ایجوکیشنل ایڈوائزر محمد رفیق طاہر نے بھی خطاب کیا۔