معروف تعلیمی ادارے اسلام آباد کالج فار بوائز (جی سکس تھری)کے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف آمنے سامنے

کریڈٹ کارڈ ڈاکیہ سے وصول کیوں نے نہیں کیا انگریزی کے ٹیچر نے طلباء اور سکول وزٹ پر آئے والدین کے سامنے باریش ایڈمن افسر کو فحش گالیاں دیتے ہوئے ٹیچنگ سٹاف جیسی آسمانی مخلوق کے ذاتی کام نہ کرنے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں تک دے ڈالیں واقعہ کے خلاف وفاقی دارلحکومت کے ماڈل تعلیمی اداروں کے نان ٹیچنگ سٹاف سراپا احتجاج بن گئے،ٖکالج کے غیر تدریسی عملے نے آج سے تعلیمی اداروں میں ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے ملوث استادکے خلاف اعلیٰ حکام کو درخواست دینے کے ساتھ ساتھ تھانہ آبپارہ میں اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی

منگل 24 اپریل 2018 21:54

․اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2018ء) معروف تعلیمی ادارے اسلام آباد کالج فار بوائز (جی سکس تھری)کے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف آمنے سامنے ،کریڈٹ کارڈ ڈاکیہ سے وصول کیوں نے نہیں کیا ۔ انگریزی کے ٹیچر نے طلباء اور سکول وزٹ پر آئے والدین کے سامنے باریش ایڈمن افسر کو فحش گالیاں دیتے ہوئے ٹیچنگ سٹاف جیسی آسمانی مخلوق کے ذاتی کام نہ کرنے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں تک دے ڈالیں ۔

واقعہ کے خلاف وفاقی دارلحکومت کے ماڈل تعلیمی اداروں کے نان ٹیچنگ سٹاف سراپا احتجاج بن گئے ہیں ۔ٖکالج کے غیر تدریسی عملے نے آج سے تعلیمی اداروں میں ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے ملوث استادکے خلاف اعلیٰ حکام کو درخواست دینے کے ساتھ ساتھ تھانہ آبپارہ میں اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی ہے،تعلیمی اداروں میں قوم کے معماروں کی جانب سے گالی گلوچ کے واقعات پر تعلیمی حلقوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے ایسے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیاہے۔

(جاری ہے)

ذرائع سے موصول ایڈمن افسر محمد اسلم کی جانب سے پرنسپل کو لکھی گئی درخواست کے مطابق منگل کے روز اسلام آباد کے واحد کالج فاربوائز (ICB-G-6-3)جی سکس تھری میں گریڈ انیس کے پروفیسر امان اللہ بھٹو نے کالج کے باریش اور ریٹائرنمنٹ کے قریب ایڈمن افسر محمد اسلم کے دفتر میں گھس کر ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور انہیں مبینہ طورپر ننگی گالیاںدیتے ہوئے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں ، ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ واقعہ کی وجہ عناد یہ بتائی گئی ہے کہ ایڈمن افسر نے ایک کورئیر سروس کے نمائندہ سے مذکورہ پروفیسر کی ڈاک وصول نہیں کی تھی جس کے بارے میں محمد اسلم کا کہناہے کہ کسی کی غیر موجودگی میں اس کی ڈاک وصول کرنے اس کے فرائض میں شامل نہیں تھا اور رش کے باعث گم ہونے کی صورت میں وہ کیسے جواب دے سکتا تھا، ذرائع نے بتایاکہ امان اللہ بھٹوکالج اساتذہ کی ایک تنظیم کے بھی رکن ہیں جس کی بنیاد پر انہوں نے دھمکی آمیز رویہ رکھا اور بزرگ ایڈمن افسر کے ساتھ بدتمیزی کی۔

ذرائع کے مطابق اس واقعہ کے خلاف شہر بھر کے ایڈمن افسران سراپا احتجاج بن گئے ہیں اور انہوں نے آج بروز بدھ شہر بھر کے تعلیمی اداروں میںکام بند کرنے اوراحتجاج کی دھمکی دے دی ہے ،واقعہ کے بعد مذکورہ کالج میں کام بند کردیا گیاجس پر دیگر اساتذہ ایڈمن افسر پر صلح کے لیے دبائو ڈالتے رہے ہیں ۔ایڈمن افسر نے پرنسپل رفیق سندھیلوی کو درخواست دینے کے ساتھ ساتھ تھانہ آبپارہ میں اندراج مقدمہ کی باقاعدہ درخواست دے دی ہے۔

اسلام کالج فار بوئز کے انگلش ٹیچر امان اللہ نے آن لائن کی طرف سے رابطہ کرنے پر اقرار کیا کہ ان کی کالج کے ایڈمن افسر کے ساتھ تلخ کلامی ضرور ہوئی ہے تا ہم انہوں نے کوئی گالی نہیں نکالی۔انہوں نے بتایا کہ اگر ایڈمن افسر کی طرف سے ان کے خلاف پرنسپل کالج یا تھانہ آبپارہ کو تحریری درخواست دی گئی تو وہ بھی اپنے دفاع میں تمام حقائق عیاں کر دیں گے ۔۔۔۔۔

متعلقہ عنوان :