’’وفیاتِ اہل قلم پاکستان ‘‘ کتاب پاکستان کے ممتاز اردو اہل قلم کے کوائف اور تاریخ ہائے وفات پر مشتمل بہترین کتاب ہی ، افتخار عارف

بدھ 25 اپریل 2018 17:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) قلم فائونڈیشن انٹر نیشنل لاہور کی جانب سے ’’وفیاتِ اہل قلم پاکستان ‘‘ کتاب پاکستان کے ممتاز اردو اہل قلم کے کوائف اور تاریخ ہائے وفات پر مشتمل ہے۔ یہ کتاب انتہائی خوبصور ت گیٹ اپ کے ساتھ شائع کی گئی ہے ۔ کتاب کی ضخامت 472صفحات پر مشتمل ہے۔ کتاب کے فلیپ پر ڈاکٹر معین الدین عقیل، ڈاکٹر وحید قریشی، مختار مسعود، انور سدید، مشفق خواجہ، ڈاکٹر فرمان فتح پوری، احمد سلیم اور افتخار عارف کی آراء شامل ہیں۔

کتاب کے حوالے سے افتخار عارف کا کہنا ہے کہ ’’دوست عزیز و مکرم ڈاکٹر محمد منیر احمد سلیچ ہماری نئی نسل میں تحقیق کے میدان کا بہت مستند و معتبر نام ہے۔ انہوں نے اس سے قبل وفیات نام ور انِ پاکستان اور اقبالیات کے حوالے سے بے حد وقیع کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ’’وفیاتِ اہل قلم پاکستان ‘‘ مرتب کر کے بہت بڑی تحقیقی خدمت سرانجام دی ہے۔ مختار مسعود نے اپنے فلیپ پر یوں اظہارِ خیال کیا : ’’آپ کی محنت کے سبب کچھ مرنے والوں کو دوبارہ زندگی مل گئی۔ مسیحائی آپ کا پیشہ بھی تو ہے۔ ‘‘کتاب کی اہمیت کے پیش نظر اس کی قیمت مبلغ1500/-روپے ، جو مناسب ہے۔ ڈاکٹر محمد منیر احم سلیچ ایک سنجیدہ دانش ور اور نثر نگار ہیں۔ ادبی حلقوں نے انہیں اس تازہ کتاب کی اشاعت پر مبارک باد دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :