ولی اللہ خان کی سیکرٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد پرویز سے ملاقات

ایس ایم ای فائونڈیشن بہترین معاشرے کے قیام کے لئے کوشاں ہیں‘ ولی اللہ خان

بدھ 25 اپریل 2018 17:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) ایس ایم ای فائونڈیشن کے صدر ولی اللہ خان نے سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد پرویز سے ملاقات کی اور ایس ایم ای فائونڈیشن کے اغراض و مقاصد سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ایم ای فائونڈیشن معاشرے کی بہتری کے لئے مصروف عمل ہے۔ ہمارا ادارہ ملک سے غربت‘ بیروزگاری کے خاتمے اور خواتین کے تحفظ کے لئے کردار ادا کررہا ہے۔

بڑھتی ہوئی بیروزگاری سے نوجوان نسل مایوسی کا شکار ہے اور روزگار کے لئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔ ایس ایم ای فائونڈیشن نوجوانوں کی مایوسی کا ازالہ کرکے انہیں مختلف شعبوں میں روزگار کی فراہمی میں کوشاں ہیں جبکہ ملازمت پیشہ خواتین کے تحفظ کے لئے بھی ہر اول دستہ کا کردار ادا کررہی ہے۔

(جاری ہے)

خواتین عدم تحفظ کی وجہ سے ملازمت سے گریزاں ہیں اور گھر وں تک محدود ہیں جبکہ خواتین ہماری آبادی کا نصف حصہ ہیں جن کو ملکی تعمیر و ترقی میں شامل کرکے اچھے نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد پرویز نے کہا کہ ایس ایم ای فائونڈیشن نے معاشرے کے حقیقی مسائل اجاگر کئے ہیں ہم سب کو متحد ہوکر ان مسائل کا تدارک کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی بھلائی کے کام میں ایس ایم ای فائونڈیشن سے ہر ممکن تعاون کرینگے ۔معاشرتی بھلائی کے لئے اور اداروں کو بھی آگے آکر کام کرنا چاہئے تاکہ بہترین معاشرے کے قیام کا خواب پورا ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :