ْ مضافاتی علاقوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے انہیں ترقیاتی عمل میں شامل رکھا ہے،میئر کراچی

مضافاتی علاقوں کے مکینوں کا بھی حق ہے کہ شہر کے وسطی علاقوں کی طرح وہاں بھی سڑکیں اور گلیاںتعمیر ہوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے، وسیم اختر

بدھ 25 اپریل 2018 18:14

ْ مضافاتی علاقوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے انہیں ترقیاتی عمل میں شامل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ مضافاتی علاقوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے انہیں ترقیاتی عمل میں شامل رکھا ہے، مضافاتی علاقوں کے مکینوں کا بھی حق ہے کہ شہر کے وسطی علاقوں کی طرح وہاں بھی سڑکیں اور گلیاںتعمیر ہوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے، دو کروڑ روپے کی لاگت سے بلال کالونی کورنگی میں تعمیر ہونے والی سڑک علاقے کی دیرینہ ضرورت تھی، یہ بات انہوں نے بلال کالونی کورنگی میں سڑک کی استرکاری اور دیگر ترقیاتی کاموں کے معائنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ضلع کورنگی کے وائس چیئرمین سید احمر علی، سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، چیئرمین اراضیات کمیٹی سید ارشد حسن، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، یوسی چیئرمین اور منتخب نمائندوں کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ منتخب بلدیاتی قیادت شہریوں کے دیرینہ مسائل جلد از جلد حل کرنے کے لئے کوشاں ہے ، جتنے بھی فنڈز دستیاب ہوتے ہیں انہی کاموں پر خرچ کئے جا رہے ہیںہم نے ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور متعلقہ یوسی چیئرمین کی مشاورت اور رہنمائی سے ہر علاقے میں ترقیاتی کام کرانے کی حکمت عملی اپنائی ہے جس کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں اور جلد ہی بنیادی شہری سہولیات سے متعلق لوگوں کے مسائل حل ہونا شروع ہوجائیںگے، انہوں نے کہا کہ ضلع کورنگی کے مختلف علاقے طویل عرصے سے نظر انداز تھے اور لوگ بنیادی سہولیات کو ترس گئے تھے، حالانکہ شہرکا اہم ترین صنعتی زون یہاں واقع ہے جس سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے، کورنگی اور لانڈھی کی زیادہ تر آبادی اسی صنعتی زون میں کام کرنے والے محنت کشوں پر مشتمل ہے جنہیں علاقے میں ٹوٹی ہوئی اور شکستہ سڑکوں ، گلیوں ، سیوریج لائنوں سے رسائو اور صفائی ستھرائی کی بدترین حالت کی وجہ سے بے شمار مسائل کا سامنا تھا اور لوگوں کا مطالبہ تھا کہ ان کے علاقے میں جلد از جلد ترقیاتی کام کرائے جائیں لہٰذا موجودہ منتخب بلدیاتی قیادت نے کورنگی کے عوام کی خواہش پر انفراسٹرکچر بشمول سڑکوں ، گلیوں اور پانی و سیوریج کی لائنوں کو بہتر بنانے کا کام شروع کردیا ہے اور جیسے جیسے فنڈز دستیاب ہوں گے مزید ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ کورنگی اہم صنعتی زون ہے اس کی بہتری اور ترقی کے لئے کام کریں گے جبکہ اطراف کے علاقے جن میں بلال کالونی بھی شامل ہے ترقیاتی پلان میں شامل کئے جائیں گے ، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبے بنانے اور ان پر عملدرآمد کے دوران شہریوں کی اولین ضروریات کو ترجیح دی جائے اور ایسے کام کرائے جائیں جن سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ تجاوزات شہر کا اہم مسئلہ ہیں ترقیاتی کاموں کی راہ میں حائل تجاوزات فوری ہٹانے کی ہدایت کردی ہے، ہمارا مقصد ان تمام مسائل کو حل کرنا ہے جن سے ماضی میں پہلو تہی کی گئی جس کی وجہ سے شہریوں کے مسائل میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوتا رہا اور نتیجے میں مسائل کا انبار ہمیں ورثے میں ملا، تاہم اب تمام بلدیاتی نمائندے اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لئے سرگرم ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی شہر میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بہتر صورتحال دیکھنے میں آئے گی۔