یوتھ و طلباء تنظیموں، سول سوسائٹی اور یونیورسٹی فیکلٹی کا اعلیٰ تعلیمی شعبہ کی بہتری سمیت دیگر مطالبات کے حق میں مظاہرہ

بدھ 25 اپریل 2018 19:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) یوتھ تنظیمات،طلباء تنظیمات ،سول سوسائٹی اور یونیورسٹی فیکلٹی کی جانب سے اعلیٰ تعلیمی شعبہ کی بہتری سمیت دیگر مطالبات کے حق میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہرمظاہرہ کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں جاری من پسند بھرتیوں کے خلاف ایکشن کو سراہتے ہوئے ایچ ای سی ایکٹ کے مطابق ایچ ای سی کے نئے سر براہ کی تقرری کا بھی مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر تعلیمی شعبہ کی بہتری کے لئے نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 2018کا سال اعلیٰ تعلیمی شعبہ میں اہم تعیناتیوں کے حوالے سے نہات اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اسی سال ایچ ای سی چیئرمین سمیت قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد ،علامہ اقبال اوپن یونورسٹی ،نیشنل کالج آف آرٹس ودیگر اہم تعلیمی اداروں کے سربراہان کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ اعلیٰ تعلیمی شعبہ میں کی جانے والی تقرریوں میں ایسے امید واروں سے اجتناب کیا جائے جن کی انکوائریاں اور کیس نیب یا مختلف عدالتوں میں زیرسماعت ہوں جبکہ مدت ملازمت میں توسیع کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ مظاہرین نے وزیر اعظم کو بطور کنٹرولنگ اتھارٹی ایچ ای سی اپیل کی کہ وہ ایچ ای سی کے چیئرمین کی تعیناتی میرٹ پر یقینی بنائیں۔