صوبہ میں ایڈز کے مریضوں کی دیکھ بھال میں یو این ایڈز کا کردار قابل تعریف ہے، گورنر سندھ

جمعرات 26 اپریل 2018 19:45

صوبہ میں ایڈز کے مریضوں کی دیکھ بھال میں یو این ایڈز کا کردار قابل تعریف ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ایچ آئی وی ایڈز کی تشخیص اور مریضوں کی علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی میں یو این ایڈز (UNAIDS) کا نمایاں کردار ادا کر رہا ہے، بھرپور آگاہی مہم کی ضرورت ہے تاکہ اس مرض میں مبتلا افراد علاج کے مراکز سے کسی شرم کے بغیر رجوع کر سکیں۔ گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو این ایڈز کے ایک وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا جس کی سربراہی ادارے کے ریجنل ڈائریکٹر ایمون فرانسس مرفی Emmon Francis Murphy کررہے تھے۔

دیگر اراکین میں یون این ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بوہنے (Neil Buhne)، کنٹری ڈائریکٹر Dr. Mamadou L Sakho، ریجنل پروگرام ایڈوائزر ڈاکٹر ماریہ ایلینا جی فیلیوبورومیو (Dr. Maria Elena G. Filio-Borromeo)، ریجنل اسٹریٹجک انفارمیشن ایڈوائزر توفیق بکالی اور اسٹریٹجک انفارمیشن ایڈوائزر ڈاکٹر رجوال خان شامل تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ ایچ آئی وی کیسز میں اضافہ نہایت تشویشناک ہے اور اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ اس ضمن میں ایک بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ اس بارے میں شعور پیدا ہوسکے۔

انہوں نے کہاکہ ابتدائی طور پر بھرپور علاج کے ذریعے اس مرض میں مبتلا افراد کو معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً معاشرے کے ان طبقات میں جن میں عدم آگاہی کے باعث ایچ آئی وی ایڈز میں مبتلا ہونے کا زیادہ اندیشہ ہے آگاہی مہم اشد ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں نشئی افراد ، قیدیوں اور دیگر گروپوں میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد تشویشناک ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس جانب توجہ دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی اور ایڈز کے بارے میں تیسری صوبائی کانفرنس کا انعقاد تمام اسٹیک ہولڈرز کے لئے اچھا موقع ہے کہ وہ اس ضمن میں جامع حکمت عملی تیار کریں تاکہ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال، علاج معالجہ اور معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کے لئے مربوط کاوشیں کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام اور یو این ایڈز کے مابت قریبی تعاون خوش آئند ہے اس سے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد مل رہی ہے۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر ایمون فرانسس مرفی نے گورنر سندھ کو یو این ایڈز کی کاوشوں، مریضوں کے علاج معالجہ کے اقدامات اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس چاچڑ بھی موجود تھے۔