تحریک انصاف کی جانب سے 29اپریل کے جلسے میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کیلئے رابطہ مہم جاری

جمعرات 26 اپریل 2018 22:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2018ء) تحریک انصاف کی جانب سے 29اپریل کے جلسے میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کیلئے رابطہ مہم جاری ہے ، خواتین رہنمائوں نے کینٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے تاجروں اور شہریوں کوجلسے میں شرکت کی دعوت دی ، خواتین کیلئے تیار کرا یاگیا فلوٹ عوام کی توجہ کا مرکز بنا رہا ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ ، ڈاکٹر سیمی بخاری،انیلہ منیر، ارم بخاری، فرحت فاروق، ڈاکٹر انتیہ فاطمہ سمیت دیگر نے گزشتہ روز صدر بازار سمیت کینٹ کے مختلف تجارتی مراکز میں واقع دکانوں میں جا کر دکانداروں اور خریداری کیلئے آنے والوں کو 29اپریل کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی اور پمفلٹ تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دکانداروں اور شہریوں خصوصاً خواتین اور بچوں کی جانب سے بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا اور جلسے میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت چیمہ او ر ڈاکٹر سیمی بخاری نے کہا کہ تبدیلی کی ہوائیں چل پڑی ہیں اور انشا اللہ اب ملک و قوم کی کئی دہائیوں سے درپیش مشکلات ختم ہونے والی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کی نا اہلی سے ایک اور درباری کی چھٹی ہوگئی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں (ن) لیگ کا مکمل صفایا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے حواری عوام کی بجائے ملک و قوم کے اربوں روپے لوٹنے والوں کے دفاع میں مصروف ہیں اور انہیں اس کا حساب دینا ہوگا۔