ایم ایم اے نے اپنے دور حکومت میں اسلام کیلئے کچھ نہیں کیا ،اسدقیصر

مولانا فضل الرحمن کی سیاسی دُکان بند ہونے والی ہے،جلسے سے خطاب

جمعہ 27 اپریل 2018 17:25

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسدقیصر نے زروبی میں جے یو آئی کے رُکن ضلع کونسل یوسف اسلام بابو کے شمولیت کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ایم اے نے اپنے دور حکومت میں اسلام کیلئے کچھ نہیں کیا ،جبکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے سکولوں میں ناظرہ ،ترجمہ قرآن کو لازمی قرار دیا ،سود کے خلاف قانون سازی کی ،انہوں نے کہا کہ مولانا فضل االرحمن خود تو سرکاری مراعات لے رہے ہیں ،اور جب ہم نے غریب آئمہ کرام کیلئے اعزازیہ مقرر کیاتو اس سے مولانا فضل الرحمن کو تکلیف ہے کیونکہ اس سے مولانا فضل الرحمن کی سیاسی دُکان بند ہونے والی ہے ، انہوں نے کہا کہ زروبی کے عوام نے ہمیشہ اسلام کے نام پر ووٹ دیا ہے ، بلکہ میں نے خود بھی 2002 کے الیکشن میں نظام شریعت کے نفاذ کیلئے ایم ایم اے کو ووٹ دیا تھا مگر ایم ایم اے کی حکومت نے اپنے دور میں نظام شریعت کے نفاذ کیلئے کوئی قدم نہیں اُٹھائی ،انہوں نے کہا کہ زروبی میں تاریخی ڈویلپمنٹ ہوئی ہے ،یہاں پر الگ بجلی کا فیڈر بنے گا جس سے کم وولٹیج کا مسئلہ حل ہوجائے گا، اسی طرح سوئی گیس کی مد میں تیرہ کروڑ روپے فراہم کردی گئی ہے ،انہوں نے کہا کہ پورے صوابی کے ہر گھر کو گیس کو پہنچاکر دم لیں گے ،انہوں نے کہا کہ صوابی کو پہلی بار لیڈر شپ ملی ہے ،صوابی کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ ، اے این پی اور مولویوں کو ووٹ دیا ہے مگر کسی نے یہاں کے عوام کی بنیادی مسائل حل نہ کئے ہیں جس کی وجہ سے ہر دور میں صوابی پسماندہ رہا ہے ۔