اسلام کا مساوات پر مبنی عادلانہ نظام ہی عوام کو موجودہ مسائل سے نجات دلاسکتاہے ‘محمد ادریس

ایم ایم اے ملک میں نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ کیلئے 2018 ء کے انتخابات میں پوری قوت سے حصہ لے گی ‘نائب امیر جماعت اسلامی

جمعہ 27 اپریل 2018 23:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ اسلام کا مساوات پر مبنی عادلانہ نظام ہی عوام کو موجودہ مسائل سے نجات دلاسکتاہے ، ملک پر مسلط ظلم و جبر کا استحصالی نظام عام آدمی کو عزت کی زندگی نہیں دے سکتا ، ایم ایم اے ملک میں نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ کے لیے 2018 ء کے انتخابات میں پوری قوت سے حصہ لے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے ا جتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ محمد ادریس نے کہاکہ حکمران طبقہ خود کو کسی قانون کا پابند نہیں سمجھتا اور معمولی اختیار کے مالک بھی آئین و قانون کی پاسداری نہیں کرتے ۔ قانون صرف غریبوں کے لیے ہے ملک میں امیر اور غریب کے درمیان خلیج بڑھتی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

تعلیمی اداروں سے لے کر ہسپتال تک امراء کے لیے الگ وی آئی پی ادارے ہیں اور عام آدمی کے لیے سکولوں میں تعلیم ہے نہ ہسپتالوں میں علاج ۔

انہوںنے کہاکہ یہ معاشرے کی تباہی کار استہ ہے جب امیر جرم کر کے چھوٹ جائے اور غریب اور بے بس پکڑا جائے تو وہ معاشرہ زندہ نہیں رہ سکتا ۔حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ پاکستان اللہ کا بہت بڑا انعام ہے اس کے خلاف اندرونی اور بیرونی دشمن سازشوں میں مصروف ہیں ۔ دستور پاکستان کہتاہے کہ حاکمیت اعلیٰ صرف اللہ تعالیٰ کے لیے ہے اور ملک میں کوئی قانون قرآن و سنت کے منافی نہیں بن سکتا یہ د فعہ دستور کی جان اور 62-63 دستور کی شان ہیں تاکہ کوئی جھوٹا اور خائن شخص پاکستان کے قانون ساز اداروں کا رکن بن سکے مگر اب حکمران ٹولہ ان دونوں دفعات کو آئین سے نکالنے کے لیے متحد ہوچکاہے ۔

انہوں نے کہاکہ دستور پاکستان کی حفاظت کے لیے عوام کو ایم ایم اے کا ساتھ دینا ہوگا ۔ اندرونی و بیرونی سازشوں کے آگے بند باندھنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ دین بیزار ٹولہ آئین پاکستان کی پاکیزہ دفعات کو نکال کر غیر اسلامی اور ناپاک دفعات شامل کرنا چاہتاہے تاکہ مغرب کا مادر پدر آزاد کلچر ملک پر مسلط کیا جاسکے ۔