مانسہرہ، صوبائی حکومت نے کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی بہترین کردار ادا کیا ، مشتاق غنی

ہفتہ 28 اپریل 2018 21:27

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) خیبر پختونحوا کے صوبائی وزیر مشتاق غنی نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت نے کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی بہترین کردار ادا کیا کیونکہ ہم سمجھتے ہیں جس قوم کے میدان آباد ہوتے وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مانسہرہ میں منعقد کردہ سالانہ انٹر ڈیپارٹمنٹ پریمیر لیگ کے فائنل میچ کے موقع پر پرائز ڈسٹریبیوشن کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا جب ہم نے خیبرپختونحوا میں حکومت سنبھالی توصوبائی حکومت نے اداروں میں انقلابی اصلاحات لائی اور صوبے میں میرٹ کی بالادستی کوپروان چڑھایا، 70 سالوں کا کچرا 5 سالوں میں ختم کرنا ممکن نہیں لیکن کافی حد تک قابو پا لیا گیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارا صوبہ باقی صوبوں کیلئے ایک مثال بن چکا ہے، خیبر پختونحوا کا محکمہ تعلیم اور صحت بہتر سے بہترین ہو چکا ہے، پولیس ہماری غیر سیاسی ہے جس کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہے ۔

مشتاق غنی نے کہا ہمیں فخر ہے کہ ہم نے لوگوں کو مایوس نہیں کیا اور عوام ہماری کارکردگی کا موازنہ پچھلی حکومتوں سے کر سکتی ہیں، ہماری بے لوث خدمت کا نتیجہ ہے کہ آج پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں ایک مضبوط جماعت بن چکی ہے جس کا ثبوت آئندہ انتخابات میں عوام دے گی۔تقریب کے اختتام پر جیتنے والی اور رنر اپ ٹیموں میں مشتاق غنی کے ہاتھوں ٹرافیاں تقسیم کی گئی.

متعلقہ عنوان :