عملی خدمت پر یقین رکھتا ہوں، عوامی محرومیوں کے خاتمہ کی کوشش آئندہ بھی جاری رکھوں گا، عمر ایوب خان

پیر 30 اپریل 2018 13:07

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) سابق وزیر مملکت برائے خزانہ عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ وہ جھوٹے وعدوں کی بجائے عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، پہلے بھی عوامی محرومیوں کے خاتمہ کی کوشش کی اور آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ وہ یہاں یونین کونسل ڈنگی میں ظفر خان کی رہائش گاہ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر رہنما تحریک انصاف یوسف ایوب خان اور امیدوار صوبائی اسمبلی ارشد ایوب خان، ناظم سفیر احمد، مسعودالرحمن ایڈوکیٹ، ساجد رحمن، حاجی شکور خان، ممبر تحصیل کونسل ملک سجاد، حاجی جہانگیر، حاجی ریاض اور دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔

ظفر خان نے اپنی برادری اور ڈھڑا جنبہ سمیت عمرا یوب خان اور یوسف ایوب خان کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کارکردگی کی بنیاد پر خان برادران کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ الیکشن میں انہیں ڈنگی سے بھاری اکثریت سے کامیابی دلوائیں گے تاکہ وہ دونوں بھائی قومی و صوبائی اسمبلی میں علاقہ کی محرومیوں کے خاتمہ کیلئے مزید آواز بلند کر سکیں۔

(جاری ہے)

عمر ایوب خان نے کہا کہ جھوٹ کی سیاست ان کے خاندان کا شیوہ نہیں اور اس بات کا انہوں نے اپنے عمل سے ثبوت دیا ہے، ان کے والد بذرگوار گوہر ایو ب خان نے اپنے دور میں ضلع کے ایک ایک گھر تک بجلی فراہمی سمیت ہری پور میں گیس کی مین پائپ لائن بچھا نے کا منصوبہ مکمل کیا جس کے بعد انہوں نے اپنے دو ادوار میں ضلع ہری پور میں نئی تعمیر ہونے والی آبادیوں کو بجلی فراہمی کے ساتھ ساتھ خان پور و غازی ہملٹ تک گیس کی سہولت فراہم کیں، اگر عوام نے ساتھ دیا تو آئندہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد باقی ماندہ تمام مسائل کو حل کر کے ضلع کو ماڈل بنائیں گے۔