آرامکو کا سنگاپور آفس رواں سال کی تیسری سہ ماہی سے ایشیا کو تیل کی فروخت کے امور سنبھا لے گا

پیر 30 اپریل 2018 15:40

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) سعودی عرب کی قومی آئل اینڈ گیس کمپنی آرامکو کا سنگاپور میں قائم ذیلی دفتر رواں سال کی تیسری سہ ماہی تک ایشیا کو تیل کی فروخت کے امور خود سنبھال لے گا جس کا مقصد خام اور صاف تیل کی فروخت کو2020 تک 6 ملین بیرل تک بڑھانا ہے۔۔

(جاری ہے)

کمپنی کے شعبہ تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ابراہم البونین نے صحافیوں کو بتایا کہ ایشیائی ملکوں کو خام و صاف تیل کی سپلائی کے امور رواں سال کی تیسری سہ ماہی تک سنگاپور میں قائم کمپنی آفس کے ذریعے طے پانے شروع ہوجائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ کمپنی اپنی کاروباری سرگرمیوں کو توسیع دے رہی ہے اس لیے آئندہ سال تک یورپ کے تجارتی امور کو سنبھالنے کے لیے آئندہ سال کے آغاز تک یورپ میں بھی ایک ذیلی دفتر کھولنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سنگا پور میں ذیلی دفتر کے قیام کا مقصد ایشیائی ممالک کو پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کو 6 ملین بیرل یومیہ تک لانا ہے۔۔