پاکستان کی کابل میں دو خود کش حملوں کی مذمت

پیر 30 اپریل 2018 18:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) پاکستان نے کابل میں دو خود کش حملوں کی پرزور مذمت کی ہے جس میں متعدد بیگناہ افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان قیمتی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے، ہم سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جن کے عزیز و اقارب ان حملوں میں جاں بحق ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام غم کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ ہے، ہمیں یقین ہے کہ دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے بہادر افغان عوام کے عزم کو ایسے بزدلانہ حملوں سے کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت اور اس لعنت کے خاتمہ تک اس سے لڑنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔