سرگودھا،حکومتی بائی لاز مذاق بن کر رہ گئے

پابندی کے باوجود تیزاب‘ کھلے پٹرول‘ دھاتی ڈور‘ میتھیلیٹڈ سپرٹ سمیت دیگر کیمیکلز کی کھلے عام فروخت کا کاروبار عروج پر

پیر 30 اپریل 2018 21:40

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) حکومتی بائی لاز مذاق بن کر رہ گئے جبکہ سرگودھا‘ خوشاب‘ بھکر‘ میانوالی میں پابندی کے باوجود تیزاب‘ کھلے پٹرول‘ دھاتی ڈور‘ میتھیلیٹڈ سپرٹ سمیت دیگر کیمیکلز کی کھلے عام فروخت کا کاروبار عروج پر ہے‘ انتظامیہ حکومتی احکامات کے باوجود انتظامیہ اس دھندے کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو پائی‘ پنجاب حکومت نے اڑھائی سال قبل ضلعی انتظامی سربراہوں کو حکم دیا تھا کہ اپنے علاقہ جات میں کھلے پٹرول‘ تیزاب‘ دھاتی ڈور‘ میٹھیلیٹڈ سپرٹ و انسانی جانوں کے لئے مہلک کیمیکلز کی فروخت کی روک تھام کے لئے ٹیمیں تشکیل دی جائیں‘ جو ان دھندوں میں ملوث عناصر اور گروہوں کیخلاف کارروائی کر کے ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائیں گے‘ ان احکامات پر صوبہ کے اکثر اضلاع بالخصوص سرگودھا ریجن میں نہ تو چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور نہ ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس کاروبار کی روک تھام کے لئے کوئی اقدام اٹھایا‘ اس طرح شہر میں گلی گلی ہر چوک میں موت کا یہ سامان کھلے عام دستیاب ہیں‘ جس کی وجہ سے کئی واقعات بھی رونما ہو چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :