یو ایس ایڈکے تحت گلگت بلتستان میں جشن بہاراں میلہ کا انعقاد

پیر 30 اپریل 2018 23:42

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) امریکی امدادی ادارہ (یوایس ایڈ) کے تحت گلگت بلتستان میں جشن بہاراں کے سلسلے میں فن فیئر کا انعقاد کرایا گیا جس میں کسانوں ،تاجروں اور مقامی افراد کی کثیرتعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر یوایس ایڈ کے تعاون سے زراعت ، پانی اور ہائی جین ایجادات کے ساتھ ساتھ یو ایس ایڈ کے قائم کردہ 15ہزار500ایکڑ پر آن فارم اریگیشن سسٹم کی نمائش بھی کی گئی جو سدپارہ ڈیم سے پانی حاصل کرکے بنایا گیاہے ،ان مصنوعات کی بدولت علاقہ میں پھلوں ،سبزیوں اور موسمی فصلوں کی بہتری اور اہل علاقہ کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کا باعث بن رہی ہیں۔

جشن بہاراں میلہ کے موقع پر قراقرم یونیورسٹی گلگت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد مہمان خصوصی تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ گلگت بلتستان کے پسماندہ علاقوںکے رہائشیوں میں آگاہی اور شعور پیدا کرنے کے لیے فن فیئر جیسی سرگرمیاں اہم کردار ادا کرتی ہیں ،ڈاکٹر خلیل احمد کا کہنا تھاکہ گلگت بلتستان کے عوام جدت کو پسند کرتے ہیں اور انہیں یہ دیکھ کر انتہائی مسرت ہوئی ہے کہ خطہ میں ترقی کا سفر شروع ہوچکاہے جس سے تمام لوگ فائدہ اٹھارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کاکہنا تھاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ سے یہاں کا کسان مالی طورپر مستحکم ہواہے جبکہ معاشی ترقی کے باعث یہاں کا طرز زندگی بہتر ہورہاہے،اب ان کسانوں کے بچے سکول جاتے ہیں اور ان کے استاد، وکیل اور ڈاکٹر بننے کے خواب پورے ہورہے ہیں۔اس موقع پر مقامی کسان اور پانچ بچوں کے باپ میر صفدر نے یو ایس ایڈ کی مدد سے علاقہ کی زرعی ترقی کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ ان اقدامات سے ہمیں اپنی فصلوں کے معیار اور مقدار میں اضافہ کرنے کا موقع ملاہے۔یو ایس ایڈ کی بدولت میں اپنے بچوں کوبہتر خوراک دینے اور سکول بجھوانے کے قابل ہوا ہوں جس سے میرے بچوں کامستقل روشن نظرآرہاہے۔

متعلقہ عنوان :