سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے رنویر سنگھ کے نام سے ٹرین سروس منسوب کردی

رنویر سنگھ پہلے بھارتی اداکار ہیں جنہیں سوئٹزرلینڈ کی سیاحت کے فروغ کے لیے خیرسگالی سفیر مقرر کیا گیا

منگل 1 مئی 2018 11:57

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) سوئٹزرلینڈ میں بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار رنویر سنگھ کے نام سے ٹرین چلے گی۔بالی ووڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی کامیاب ترین فلم ’پدماوت‘ میں علاؤالدین خلجی کے کردار سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اداکار رنویر سنگھ کا ستارہ آج کل خوب چمک رہا ہے جہاں ایک طرف وہ اب تک ’پدماوت‘ میں اداکاری پر لوگوں سے داد وصول کررہے ہیں تو وہی انہیں مسلسل فلموں کی آفرز بھی ہورہی ہیں جب کہ وہ پہلے ہی انڈسٹری کے دو بڑے ہدایت کار ’کبیر خان‘ اور روہت شیٹھی کے ساتھ فلم ’83‘ اور ’سمبا‘ سائن کرچکے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رنویر سنگھ پہلے بھارتی اداکار ہیں جنہیں سوئٹزرلینڈ کی سیاحت کے فروغ کے لیے خیرسگالی سفیر مقرر کیا گیا ہے جب کہ اداکار حال ہی میں فلم ’گلی بوائے‘ کی شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد چھٹیاں گزارنے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے جہاں وہ سیروتفریح میں مصروف ہیں اور انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے ساتھ مختلف مقامات کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے رنویر سنگھ کے نام سے ٹرین سروس منسوب کردی ہے جس کا نام’رنویر آن ٹور‘ رکھا گیا ہے اور اس کا افتتاح بھی اداکار خود ہی کریں لیکن اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ خصوصی ٹرین سروس کتنے عرصے تک چلے گی جب کہ ٹرین کا افتتاح آج کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :