انتخابات کا شیڈول رواں ماہ کے آخر تک جاری ہونے کا امکان

شیڈول جاری ہونے کے ایک ہفتے قبل صدر ممنون حسین ای سی پی سے مشاورت کے بعد انتخابات کی باقاعدہ تاریخ کا اعلان کریں گے،الیکشن کمیشن

بدھ 2 مئی 2018 15:09

انتخابات کا شیڈول رواں ماہ کے آخر تک جاری ہونے کا امکان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) رواں ماہ کے آخر میں عام انتخابات کا شیڈول اور انتخابات کے حوالے سے دیگر اہم سرگرمیوں کی معلومات جاری کرے گی۔گزشتہ روزالیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ الیکشن کا شیڈول کو 28 یا 29 مئی کو جاری کیا جاسکتا ہے،انتخابات کا شیڈول جاری کیے جانے سے ایک ہفتے قبل صدر ممنون حسین الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی )سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان کریں گے،انتخابات ایکٹ کے سیکشن 57(1) کے تحت الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد صدر مملکت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جاتا ہیجبکہ اس کی ذیلی شق 2 کے تحت اعلان کے 7 دن کے اندر کمیشن نوٹیفیکیشن جاری کرے گی اور اپنی ویب سائٹ پر شائع کرے گی جس میں تمام ووٹرز کو اپنے حلقے کے نمائندے کو چننے کا کہا جائیگا۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق حلقہ بندیوں اور الیکٹورل رولز کے حوالے سے کچھ دنوں میں نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائیگا،ضلعی ریٹرننگ افسران ( ڈی آر اوز) اور ریٹرننگ افسران (آر اوز) کو بھی حلقہ بندیوں کے نوٹیفیکیشن جاری کیے جانے کے فوری بعد تعینات کردیا جائیگی،ڈی آر اوز اور آر اوز کو عدلیہ سے چنا جائیگا جس کیلئے عدالت عالیہ سے فہرست موصول ہوچکی ہے جبکہ ڈی آر اوز اور آر اوز کو رواں ماہ 5 روز کی ٹریننگ بھی دی جائیگی۔

الیکشن کمیشن کے بیان میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے ای سی پر 4 ماہ قبل ایکشن پلان کا اعلان نہ کرنے پر اس کی ناکامی کے الزام پر کہا گیا کہ ایکشن پلان کی تیاری اور اس کا اعلان نہ کرنا قانونی طور پر ضروری نہیں تھا،الیکشن ایکٹ کے سیکشن 14(1) کے تحت ای سی پی نے ایکشن پلان تیار کرلیا ہے اور اپنے ٹریک پر ہے۔