وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے سردار سکندر حیات کی دوسری مرتبہ عیادت

بدھ 2 مئی 2018 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) آزاد جموںوکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے سردار سکندر حیات خان کی دوسری مرتبہ عیادت کی اور ان کی صحت یابی کی اب تک کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

بدھ کو وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان سردار سکندر حیات خان کو اسلام آباد الشفاء انٹرنیشنل ہسپتال سے فارغ کیے جانے کے بعد ان کی خیریت دریافت کرنے کے لیے کھنہ ہائوس پہنچے اور انہوں نے سردار سکندر حیات خان سے ملاقات کر کے ان کی صحت یابی اور علاج معالجے کی اب تک کی صورتحال کے بارے میں ضروری تفصیلات معلوم کیں ۔

اور ان کی تیزی سے صحت یابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامل صحت یابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔ وزیرمال حکومت آزادکشمیر سردار فاروق سکندر ، سابق پولٹیکل سیکرٹری سردار شفیق انقلابی اور سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان خاندان کے دیگر افراد اور متعدد مسلم لیگی کارکنان بھی اس دوران وہاں موجود تھے ۔