پورے سندھ میں آلودہ پانی مل رہا ہے‘

بجٹ میں سرکلر ڈیٹ کا ذکر موجود نہیں ہے یا اسے چھپا دیا گیا ہے، ڈاکٹر عارف علوی

جمعرات 3 مئی 2018 16:34

اسلام آباد۔ 03 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) تحریک انصاف کے رکن ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کراچی میں ان کے حلقے میں مطلوبہ مقدار میں پانی دستیاب نہیں ہے‘ امن و امان کی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں‘ کراچی کی ضرورت 1140 ملین گیلن یومیہ ہے تاہم پورے سندھ میں آلودہ پانی مل رہا ہے‘ بجٹ میں سرکلر ڈیٹ کا ذکر موجود نہیں ہے یا اسے چھپا دیا گیا ہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں بجٹ 2018-19ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے تحریک انصاف کے رکن ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میرے حلقے میں بری حالت ہے۔ ضرورت نو ملین گیلن کی ہے تاہم اس کی بجائے تین ملین گیلن پانی دیا جارہا ہے۔ ہزاروں روپے میں ٹینکر خریدا جاتا ہے۔ ٹینکر مافیا سرگرم ہے۔ وہ حکم امتناعی کی بھی پرواہ نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

بورنگ کی اجازت نہیں۔ ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پانی نہیں ہے۔

میرے حلقے میں امن و امان کی صورتحال بھی بہتر نہیں ہے۔ ایک بار پھر سٹریٹ کرائم بڑھ گئے ہیں۔ کراچی کے لئے 1140 ملین یومیہ پانی کی ضرورت ہے۔ اس کی فکر کرنی چاہیے۔ وفاق بھی اس مد میں اپنا کردار ادا کرے۔ کراچی کے لئے وفاق کا بجٹ کم ہے وفاق کو کراچی کے لئے خصوصی فنڈ دینا چاہیے۔ بجٹ میں سرکلر ڈیٹ کا ذکر نہیں ہے۔ اس کے 900 ارب روپے تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا سندھ آلودہ پانی پی رہا ہے۔ ساڑھے چار سو ملین آلودہ پانی یومیہ سمندر میں جارہا ہے جو سمندری حیات کے لئے نقصان دہ ہے۔