بلوچستان کا مستقبل ترقی یافتہ پاکستان سے وابستہ ہے ،بیرون ملک بیٹھے نام نہاد بلوچ لیڈر ان کو پیسے کی کشش نے مودی کا غلام بنادیا ہے، ڈاکٹر جمعہ خان مری

دشمن ہمارا خون بہا کر ہمارے خلاف پروپیگنڈہ کررہاہے، مقرین کا خطاب

جمعرات 3 مئی 2018 23:23

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مئی2018ء) قومی دھارے میں شمولیت اختیار کرنے والے جلا وطن بلوچ رہنماء ڈاکٹر جمعہ خان مری نے کہاہے کہ بلوچستان کا مستقبل خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان سے وابستہ ہے ،بیرون ملک بیٹھے نام نہاد بلوچ لیڈران کو پیسے کی کشش نے مودی کا غلام بنادیا ہے ،پاکستان اور بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارتی وردی ہے،کل بھوشن یادیو کی گرفتاری سے بلوچستان میں بھارتی مداخلت دنیا پر عیاں ہوچکی ہیں ،ناراض بلوچ بھائی ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہوجائیں ،بہت جلد وطن واپس آکر ملک اور صوبے کی بہتری کیلئے کام کروں گا۔

وہ نظریہ پاکستان فورم کوئٹہ کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے ٹیلیفونک خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جمعہ خان مری نے کہاکہ بلوچستان کا مستقبل صرف و صرف پاکستان سے وابستہ ہے اس لئے اب بھی وقت ہے کہ بعض ناراض بلوچ بھائی ہتھیار پھینک کرقومی دھارے میں شامل ہوجائیں ،بیرون ملک بیٹھے نام نہاد بلوچ لیڈران کو پیسے کی کشش نے مودی کا غلام بنادیا ہے بلوچستان اور پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارت اور را کا ہاتھ ہے کل بھوشن کی بلوچستان سے گرفتاری اس کی واضح مثال ہے بلوچ حقوق کے نام سے چلنے والی تحریکیں بھارت نے ہائی جیک کئے اور بعد میں آزادی کے تحریکوں میں تبدیل کردئیے بلوچوں سے مایوسی کے بعد اب بھارت سادہ لوح پشتونوں کو ورغلا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بہت جلد پاکستان آکر پاکستان اور بلوچستان کی بہتری کیلئے کام کروں گا ،نظریہ پاکستان فورم کوئٹہ کے چیف آرگنائزر راز محمد لونی نے کہاکہ ڈ اکٹر جمعہ خان مری کی قومی دھارے میں شمولیت پورے پاکستانی قوم کیلئے باعث خوشی ہے ہم ان کو خوش آمد ید کہتے ہیں ۔رانا محمد اشفاق نے کہاکہ ڈاکٹر جمعہ خان مری نے اپنوں کو اپنوں سے لڑانے کی بھارتی سازش ناکام بنادی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواب ظفر اللہ خان شاہوانی نے کہاکہ بلوچ پاکستان پر مرمٹنے والے محب الوطن لوگ ہیں ۔میر عثمان پرکانی نے کہاکہ جب تک ہم متحد ہیں دشمن ہمارا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتی ۔میر معظم شاہوانی نے کہاکہ غیرت مند بلوچوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی ،خوشحالی اور دفاع کیلئے قربانیاں دی ہیں ۔حضرت علی اچکزئی نے کہاکہ بلوچ میں رہنے والے پشتون بلوچ ہزارہ اور دیگر اقوام پاکستان کی حفاظت کیلئے متحد ہیں ۔

پروفیسر عبدالرشید رحیم ودیگر مقررین نے کہاکہ دشمن ہمارا خون بہا کر ہمارے خلاف پروپیگنڈہ کررہاہے پروگرام میں بڑی تعداد میں بلوچ پشتون اور دیگر قوموں کے معززین نے شرکت کی،اس موقع پر تقریب کے شرکاء نے ڈاکٹرجمعہ خان مری کو قومی دھارے میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہاکہ جمعہ خان مری کی بلوچستان آمد کے موقع پر ان کا والہانہ استقبال کیاجائے گاملک دشمن جان لے کہ پاکستان کے محافظ اللہ ہے عوام ملک کی دفاع کیلئے سیکورٹی فورسز کی شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔