پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو تیز رفتار اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر لے جائے گا، وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے حکام کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

جمعہ 4 مئی 2018 12:58

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو تیز رفتار اقتصادی ترقی کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے نے پاکستان کو دنیا کا بہترین ملک بنا دیا ہے، پاکستان 2025 ء میں دنیا کی25 ویں 2030ء میں 20 ویں بڑی معیشتوں میں شامل ہوجائے گا، موجودہ حکومت کے اقدامات سے ملک تیزی سے ترقی کر رہا ہے، دنیا کا ہر مستند جریدہ پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشت قرار دے رہا ہے۔

جمعہ کو وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے حکام نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ سی پیک نے پاکستان کو دنیا کا پسندیدہ ترین ملک بنا دیا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ پاکستان چین کے ساتھ اقتصادی راہداری کے خواب کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے نوجوان اساتذہ کی اعلیٰ تعلیمی قابلیتوں کی تکمیل کیلئے امریکہ کے ساتھ علمی راہداری قائم کرتے ہوئے 10 ہزار اساتذہ کی امریکی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم و تربیت کا بندوبست کر رہا ہے، انسانی و افرادی سرمایہ کاری کا اتنا بڑا خواب پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ سی پیک منصوبہ دنیا میں جاری سب سے بڑا ترقیاتی منصوبہ ہے،55 ارب ڈالر مالیت سے زائد کا پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو تیز رفتار اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر لے جائے گا۔ طویل، کشادہ اور محفوظ سڑکیں، توانائی کے منصوبے، انڈسٹریل پارکس اور گوادر بندرگاہ کا منصوبہ جس کی تکمیل دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متاثرہ پاکستان کے لیے روشن مستقبل کی نوید ہے۔