زندگی میں آگے جانے کیلئے تعلیم کے ساتھ اچھی تربیت بھی ضروری ہے‘سید رضا علی گیلانی

جمعہ 4 مئی 2018 16:15

زندگی میں آگے جانے کیلئے تعلیم کے ساتھ اچھی تربیت بھی ضروری ہے‘سید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ زندگی میں آگے جانے کیلئے صرف تعلیم کافی نہیںبلکہ اچھی تربیت بھی ضروری ہے۔ انسانوں کی مدد کرنا عبادت ہے، محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے معاشرے کے تمام طبقوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ الحمرأ ہال میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب اور یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیراہتمام یوم مئی کے تقاضوں سے آگاہی کی ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں انہوں نے کہا کہ دنیا کی 62فیصد آبادی محنت کشوں پر مشتمل ہے۔

یونیک گروپ نے عالمی یوم مزدور پر محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کرکے منفرد کام کیا ہے جو دیگر تعلیمی اداروں کیلئے باعث تقلید ہے۔ صوبائی وزیر نے طلبہ اور طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اپنے سے چھوٹے انسان کو حقارت کی نظر سے دیکھنا ایک منفی طرزعمل ہے۔

(جاری ہے)

اللہ کو عاجزی پسند ہے۔ ہم سب کو زبانی باتیں چھوڑ کر عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ میری خواہش ہے کہ تعلیمی نصاب میں انسانی حقوق کا موضوع شامل ہونا چاہیئے۔

اللہ نے اگر دوبارہ موقع دیا تو اس ضمن میں ضرور پیشرفت کی جائے گی۔ تقریب سے طاہرہ حبیب جالب، لارڈ ایم کے پاشا، یونیک گروپ کے ریکٹر پروفیسر امجد علی خان، ڈائریکٹر جہانزیب انور ملک اور پنجابی کے ممتاز شاعر بابا نجمی نے بھی خطاب کیا۔ سید رضا گیلانی نے مہمانان خصوصی میں سووینئراور طالبعلموں میں سرٹیفیکٹ بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر سکولوں کے بچوں نے یوم مئی کے حوالے سے خوبصورت ٹیبلوز بھی پیش کئے۔