نیشنل بُک فاؤنڈیشن کا فیصل آباد میں دو روزہ کتاب میلہ 11مئی کو منعقد ہو گا

ْآرٹس کونسل فیصل آباد کے تعاون سے میلے میں تقریباً پچاس پبلشرز شریک ہو ں گے،عرفان صدیقی

جمعہ 4 مئی 2018 18:12

نیشنل بُک فاؤنڈیشن کا فیصل آباد میں دو روزہ کتاب میلہ 11مئی کو منعقد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 مئی2018ء) قومی تاریخ و ادبی ورثہ کے لیے وزیرا عظم کے مشیر عرفان صدیقی نے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں عظیم قومی کتاب میلے کے بعد دیگر شہروں اور قصبوں میں کتاب میلے منعقد کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ اس سلسلے کا اگلا کتاب میلہ 11 مئی کو فیصل آباد آرٹس کونسل ہال میں منعقد ہورہا ہے جو 12 مئی کی شام تک جاری رہے گا۔

یہ بات انہوں نے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں جمعہ کو منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگوکرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے مزید کہاکہ کتاب کا فروغ ایک مقدس مشن ہے جس کے لئے یہ ڈویژن مسلسل کوشش کرتا رہے گا۔ اس سے قبل منعقدہ اجلاس میں فیصل آباد کتاب میلے کے حوالے سے مختلف انتظامی معاملات پر غور کیاگیا۔

(جاری ہے)

عرفان صدیقی نے ہدایت کی کہ فیصل آباد کی یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے سربراہوں، اساتذہ اور طلبا وطالبات کو خاص طور پر میلے میں شرکت کی دعوت دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دو روزہ میلے کے دوران ریڈرز کلب کی زیادہ سے زیادہ ممبر شپ کے لئے بھی انتظامات کئے جائیں۔ عرفان صیدیقی نے مزید ہدایت کی کہ تمام پبلشرز سے درخواست کی جائے کہ وہ اپنی کتب رعایتی قیمتوں پر فراہم کریں۔ این بی ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری انجینئر عامر حسن کے علاوہ قومی تاریخ وا دبی ورثہ ڈویژن اور نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :