لاہور:بند روڈ پر غیر قانونی ٹول پلازے ختم کرانے کی یقین دہانی

منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے اپنی ہڑتال کی کال واپس لے لی

جمعہ 4 مئی 2018 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بند روڈ پر غیر قانونی ٹول پلازے ختم کرانے کی یقین دہانی پر اپنی ہڑتال کی کال واپس لے لی بتایاگیاہے کہ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد جس کی قیادت تنویر احمد جٹ کررہے تھے نے گزشتہ روز ورکرز الائنس کے ساتھ ڈپٹی کمشنر آفس میں مذاکرات کئے جس کے بعد منی مزدا ایسوسی ایشن نے ان کے مطالبات منظور کرنے کی یقین دہانی کے بعد ہڑتال کی کال واپس لے لی اس حوالے سے تنویر احمد جٹ نے کہا کہ ایسوسی ایشن کو بلڈنگ واپس کرنے پر بھی انتظامیہ کی جانب سے رضا مندی کی گئی انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں بند روڈ پر قائم تمام غیر قانونی ٹول پلازے ختم کرانے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے جبکہ پندرہ روز میں گلشن راوی ٹول پلازہ،سگیاں مین روڈ منتقل کرنے کا فیصلہ بھی کیاگیا ہے تنویر احمد جٹ نے مزید کہا کہ مطالبات کے مطابق ٹول ٹیکس ریٹ بھی کم کر کے 120 روپے کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر اپنے احتجاج کی کال واپس لی ہے واضح رہے کہ اس سے قبل آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ احمد حسان ،کمشنر لاہور عبداللہ سنبل ،ایف ڈبلیو او ،لاہور رنگ اتھارٹی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔