بحالی ، تعمیر نو اور قبائلی عوام کیلئے بہتر مستقبل یقینی بنانے کی کوششوں میںپوری قوت سے سر گرم عمل ہیں،اقبال جھگڑا

حکومت قبائلی نوجوانوں کیلئے قابل عزت روزگار کے مواقع کے حصول، غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی کے فروغ کے ایک عمدہ وسیلے کے طور پر فنی و ووکیشنل تعلیم و ٹریننگ کو وقت کے تقاضو ں کے مطا بق فوقیت دے رہی ہے،گورنرخیبرپختونخوا

جمعہ 4 مئی 2018 20:42

بحالی ، تعمیر نو اور قبائلی عوام کیلئے بہتر مستقبل یقینی بنانے کی کوششوں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) خیبر پختونخوا کے گورنرانجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ ہم انتہا ئی فعال انداز سے بحالی ، تعمیر نو اور قبائلی عوام کیلئے بہتر مستقبل یقینی بنانے کی کوششوں میںپوری قوت سے سر گرم عمل ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت قبائلی نوجوانوں کیلئے قابل عزت روزگار کے مواقع کے حصول، غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی کے فروغ کے ایک عمدہ وسیلے کے طور پر فنی و ووکیشنل تعلیم و ٹریننگ کو وقت کے تقاضو ں کے مطا بق فوقیت دے رہی ہے۔

جمعہ کے روز پشاور میں فاٹا میں فنی و ووکیشنل تعلیم کے نظام میں اصلاحات کے ایک جامع منصوبے کے ضمن میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے گورنر نے،جی۔آئی۔زی ، ٹیکنیکل ووکیشنل ایجوکیشن ٹریننگ سیکٹر سپورٹ پروگرام ، یواین ڈی پی ، قومی اوربین الاقوامی این جی اوز کے تعاون سے انتہائی کم وقت میں نمایاں کامیابیاںممکن بنانے پر فا ٹا سیکرٹریٹ اور فا ٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کاوشوں کو بھی قابل قدر قرار دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرموجود نجی شعبے کے مختلف اداروں اور فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سکل ڈویلپمنٹ شعبے کے ما بین مفاہمت کی متعدد دستاویزات پر بھی دستخط کئے گئے جن کا مقصد قبائلی نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع کے حصول کیلئے تربیت فراہم کرنا ہے۔ گورنر نے ٹیکنکل و ووکیشنل تعلیم کے نظام میں اصلاحات کو معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے سلسلے میں عمدہ حکمت عملی قرار دیا اور کہا کہ اس کی بدولت نوجوانوں کو پیداواری سرگرمیوںمیں ہمسفر بنانی؛ انہیں قومی تعمیر نو کے اقدامات میں شریک کرنے اور معاشرے میں دیر پا استحکام یقینی بنانے میں بہت مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہی در حقیقت درپیش چیلنجوں سے عہدہ برآ ہو نے کی بہترین حکمت عملی ، معاشی خوشحالی کی راہ اور انسانی وسائل کو ترتیب دینے کا عمدہ انداز ہے۔انہوں نے ٹیکنیکل ووکیشنل ایجوکیشن ٹریننگ کے نظام میں اصلاحات کا تسلسل وقت کے تقاضو ں کے مطابق برقرار رکھنے اور تمام سٹیک ہولڈرز خصو صاً نوجوانوں کو فاٹا میں دستیاب تربیتی سہولیات سے استفادے کی اہمیت کا احساس اجاگر کر نے کیلئے اقدامات تندہی سے جاری رکھنے کی تاکید کی۔

گورنر نے تمام متعلقہ اداروںکا شکریہ ادا کیا اور انہیں امداد جا ری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ گورنر نے اس موقع پر پیشہ وارانہ تربیت کے مختلف شعبوں کے حوالے سے نمائش میں سجا ئے گئے مختلف سٹالوں کا معائنہ بھی کیا اور ان کے معیار کو سراہا۔ جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے فاٹا کے طلباء و طالبات میں نقد انعامات اور سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کیے۔ تقریب میں فنی تعلیم کے شعبے میں تعاون کرنے والے تمام متعلقہ قومی و بین الاقوامی اداروں کے نمائندوںکے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، سکندر قیوم ،فاٹا،فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو سید عالمگیر شاہ، پرنسپل سیکر ٹری برائے گورنر منیر اعظم خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی مو جود تھے۔

متعلقہ عنوان :