ْ اورکزئی ایجنسی ہیڈ کوارٹر جرگہ ہال میں پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے کھلی کچہری کاانعقاد

جمعہ 4 مئی 2018 23:37

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) جب تک افسران اپنا رویہ نہیں بدلیں گے مسائل مزید جنم لیں گے، فاٹا سے ٹیکس کا خاتمہ اور بلدیاتی انتخابات کا اعلان فاٹا کی ترقی کیلئے اچھا اقدام ہے،ماموزئی قوم کا موجب جلد بحال کیا جائے گا، شہداء اور زخمیوں کو جلد از جلد معاوضہ دیا جائے گا، کرپشن کرنے والوں کو کسی بھی صورت نہیں بخشا جائے گا،غلجو ٹو ڈبوری روڈ میں ہونے والے کرپشن کیلئے کمیٹی قائم کی جائیگی ،ڈیوٹی نہ کرنے والے ایل ایچ وی کو علاقہ بدر کرنے سمیت سروے بھی جلد از جلد کیا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر کوہاٹ ڈویژن مطہر زیب،ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر جے جی جمال سینیٹر اورنگزیب، پولیٹیکل ایجنٹ اورکزئی ایجنسی خالد اقبال وزیرنے اورکزئی ایجنسی ہیڈ کوارٹر جرگہ ہال میں پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل پی اے طارق، اے پی اے حیدر حسین تمام لاء اینڈ ڈیپارٹمنٹ کے افسران ،قبائلی مشران و نوجوانان موجود تھے۔

کھلی کچہری میں اورکزئی قبائلی مشران و نوجوانان نے انتظامیہ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر کمشنر کوہاٹ ڈویثرن مطہر زیب نے پولیٹیکل ایجنٹ کو موقع پر بعض مسائل حل کرنے کی ہدایات جاری کر دئیے جبکہ بعض مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر مطہر زیب نے کہا کہ اتنے زیادہ تکلیفوں کے باوجود قبائلی عوام پھر خود کو دوبارہ پائوں پر کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو صرف پختون قوم کے سوا دوسری قوم کی بس کی بات نہیں، جب تک ہمارے اور افسران کے رویے تبدیل نہیں ہوتے اور برداشت کا مادہ پیدا نہیں ہوتا تب تک نہ ہم ترقی کر سکتے ہیں اورنہ ہمارے مسائل حل ہو سکتے ہیں فاٹا کی ترقی کیلئے بلدیاتی انتخابات کا اعلان اچھا اقدام ہے اس سے فاٹا کے عوام کے مسائل گھر کی دہلیز پر حل ہوں گے اور ٹیکسوں کے ختم کرنے کا اعلان بھی بہت اہمیت کا حامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ماموزئی قبیلے کو مکمل واپس کیا جائے گا اور کسی بھی علاقے یا گائوں کے متاثرین کو بند نہیں کیا جائے گا جبکہ تمام اورکزئی قبائل بشمول ماموزئی قبیلے کے موجب اور لنگی ایک ہفتے کے اندر اندر بحال کی جائیگی ۔کھلی کچہری کی تقریب سے پولیٹیکل ایجنٹ خالد اقبال ایم این اے ڈاکٹر جی جی جمال اور سینیٹر اورنگزیب اورکزئی نے بھی خطاب کیا ۔