ماہرہ خان 71 ویں کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کریں گی

کانز فلم فیسٹیول رواں ماہ 9 مئی سے 20 مئی تک جاری رہے گا

ہفتہ 5 مئی 2018 12:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) پاکستان کی صف اول کی اداکارہ ماہرہ خان 71 ویں سالانہ کانز فلم فیسٹیول 2018 میں شرکت کریں گی۔فرانس کے شہر کانز میں منعقد ہونے والے سالانہ کانز فلم فیسٹیول میں ماہرہ خان بین الاقوامی میک اپ برانڈ لورئیل کی پہلی پاکستانی سفیر کے طور پر نمائندگی کریں گی ۔

(جاری ہے)

اس فلم فیسٹیول میں ہر سال بالی وڈ اور ہالی وڈ اداکارائیں ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرتی ہیں اور اب ان کے ساتھ پہلی بار پاکستان سے ماہرہ خان بھی شامل ہوں گی۔

اس سال کانز فلم فیسٹیول میں ہالی وڈ اداکارہ جولیان مور، جین فونڈا اور ایوا لنگوریا کی شرکت متوقع ہے جبکہ بالی وڈ سے دپیکا پڈوکون، ایشوریا رائے بچن اور سونم کپور شرکت کریں گی۔71 واں سالانہ کانز فلم فیسٹیول رواں ماہ 9 مئی سے 20 مئی تک جاری رہے گا، جس میں دنیا بھر سے دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ماہرہ خان بیروت انٹرنیشنل ایوارڈز فیسٹیول میں شرکت کرچکی ہیں۔