بلاول بھٹو زرداری کی ڈیر اسماعیل خان میں گذشتہ پندرہ روز سے جاری پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت

خیبرپختونخواہ کی حکومت نے ڈیرا اسماعیل خان کی عوام کو اکیلا اور انتہاپسندوں و دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے،چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی

ہفتہ 5 مئی 2018 20:11

بلاول بھٹو زرداری کی ڈیر اسماعیل خان میں گذشتہ پندرہ روز سے جاری پولیس ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ڈیرا اسماعیل خان میں گذشتہ پندرہ روز سے جاری پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں پیپلزپارٹی چیئرمین نے حکومتِ خیبرپختونخواہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عام شہری اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے ہولناک دہشتگردی کا نشانہ بن رہے ہیں، لیکن صوبائی حکومت نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق ایک درجن سے زائد افراد ٹارگیٹ کلنگ اور گھات لگا کر کیئے گئے حملوں کا شکار بن چکے ہیں، لیکن خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی یا کسی اور حکومتی ذمہ دار نے اس معاملے پر ایک لفظ بھی بولنا گوارا نہ کیا اور نہ ہی مظلوم خاندانوں کے لیئے کسی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے شدید خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ کی حکومت نے ڈیرا اسماعیل خان کی عوام کو اکیلا اور انتہاپسندوں و دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، تاکہ وہ ان کا پرندوں کی طرح شکار کرسکیں۔ پیپلزپارٹی چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ عوام کو دہشتگردی سے تحفظ دیا جائے اور تمام شہدا کے لواحقین کے لیئے امداد کا اعلان کیا جائے۔