چینی سفیر نے نمل یونیورسٹی کے 89طلباء کو سکالر شپ عطا کئے

چینی سفارتخانہ مستحق طلباء کو سالانہ بنیاد پر سکالر شپ دینے کا پروگرام جاری رکھے گا،چینی سفیر

ہفتہ 5 مئی 2018 20:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 مئی2018ء) نمل یونیورسٹی اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کی طرف سے مستحق طلباء کو سکالر شپ عطا کئے گئے ، اس سلسلے میں یونیورسٹی میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے سکالر شپ کے چیک تقسیم کئے ، اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی سفارتخانے نے نمل یونیورسٹی اسلام آباد کے مستحق طلباء کو بھی سکالر شپ دینے کا فیصلہ کیا ہے ،یہ وظائف ان طلباء کو دیے جائیں گے جو اپنے تعلیمی اخراج برداشت نہیں کر سکتے ۔

پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے نمل یونیورسٹی کی89مستحق طلباء میں چینی ایمبیسی سکالر شپ کے چیک تقسیم کئے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں تعلیم کے فروغ کا خواہشمند ہے ، یہ سکالر شپ محض ایک علامت ہیں تا کہ پاکستانی نوجوان تعلیم میں اپنا کردارادا کر سکیں تاہم چینی سفارتخانہ مستحق طلباء کو سالانہ بنیاد پر سکالر شپ عطا کرنے کا پروگرام جاری رکھے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی زبان کی تعلیم دوطرفہ تعلقات میں اضافے کیلئے ضروری ہے کیونکہ دونوں ممالک پرعزم نوجوانوں کی وجہ سے بھی ایک دوسرے کیساتھ مضبوط تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں ۔ نمل یونیورسٹی زبان اور دیگر مضامین میں تعلیم کے حوالے سے چین میں بھی اچھی شہرت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سال سے سکالر شپ کی رقم اور تعداد میں بھی اضافہ کردیا جائے گا ۔

سکالر شپ کی تقسیم کی تقریب چینی کلچرل قونصلر یوژی ، نمل یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل برگیڈیئر محمد ابراہیم ، یونیورسٹی رجسٹرار، ڈین ،ڈائریکٹرز اور مختلف شعبوں کے سربراہوں ،فیکلٹی ارکان اور طلباء نے شرکت کی ۔ خصوصی تقریب یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل برگیڈیئر محمد ابراہیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی بہت گہری ہے اور یہ ہر آزمائش پر پوری اتری ہے ۔انہوں نے کہا کہ چینی سفارتخانے کی طرف سے سکالر شپ عطا کئے جانے کا یہ اقدام قابل تحسین ہے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :