یمن و شام میں نصف سے زائد اسپتال تباہ ، ریڈ کراس

اتوار 6 مئی 2018 10:20

لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) عالمی ریڈ کراس کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ 2 برسوں کے دوران خاص طور سے یمن و شام میں اسپتالوں اور طبی مراکز پر1200 سے زائد حملے ہوئے ہیں۔عالمی ریڈکراس کمیٹی نے ٹوئٹ کیا ہے کہ صرف 2 برسوں کے دوران12 سو سے زائد بار کئے جانے والے ان حملوں میں شام میں 50 فیصد سے زائد اسپتال اور طبی مراکز تباہ ہوئے ہیں جبکہ یمن میں بھی صرف45 فیصد اسپتالوں اور طبی مراکز کی سرگرمیاں جاری رہ سکی ہیں۔

(جاری ہے)

یمن پر گذشتہ 3برس سے حملے جاری ہیں جن میں اب تک 14 ہزار سے زائد عام شہری شہید اور کئی ہزار دیگر زخمی اور لاکھوں کی تعداد میں بے گھر ہوئے ہیں۔شام کی حکومت اور عوام کو بھی 2011 سے امریکہ اور بعض یورپی و مختلف عرب ملکوں کے حمایت یافتہ دہشت گروہوں کا مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے۔عالمی ریڈکراس کمیٹی نے افغانستان میں متحارب فریقوں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ طبی مراکز کو نشانہ بنانے سے گریز کریں۔کمیٹی نے صراحت کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ دنیا کے مختلف علاقوں میں مسلح جھڑپوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بدامنی کی بنا پر اس کے لئے سرگرمیاں جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔