مقبوضہ کشمیر ، نوجوانوں کی شہادت پر آج مکمل ہڑتال ہے، سرینگر میں پابندیاں، انٹرنیٹ اور ریل سروسز معطل

اتوار مئی 13:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سرینگر میں چار بے گناہ نوجوانوں کے شہادت پر آج پورے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 3 نوجوانوں کو ہفتے کے روز سرینگر کے علاقے چھتہ بل میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیاتھا۔۔بھارتی فوج کی ایک گاڑی نے ایک اور نوجوان کوصفا کدل میں کچل کر شہید کردیاتھا۔

(جاری ہے)

ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ،میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے۔۔سرینگر اور دیگر تمام چھوٹے بڑے قصبوں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت پر احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے سرینگر میں سخت پابندیاں نافذ کر دی ہیں ۔ انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں موبائل فون انٹرنیٹ اور ریل سروسز بھی معطل کر دی ہیں۔