سعودآباد تھانے کی حدود میں پولیس کی سرپرستی میں چلنے والی گٹکے فیکٹری اور غیر قانونی مذبح خانے پر پولیس کا چھاپہ

اتوار 6 مئی 2018 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) سعودآباد تھانے کی حدود میں پولیس کی سرپرستی میں چلنے والی گٹکے فیکٹری اور غیر قانونی مذبح خانے پر پولیس کا چھاپہ۔ چھاپہ ڈی آئی جی ایسٹ ذوالفقار لاڑک اور ایس ایس پی کورنگی ذوالفقار مہر کی خصوصی ہدایت پر مارا گیا۔ چھاپہ مار کارروائی اسپیشل پولیس پارٹی کی جانب سے کی گئی۔ کراچی پولیس کے جاری اعلامیہ کے مطابق گٹکا فیکٹری پر چھاپے کے دوران 3 ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔

ایس ایس پی کورنگی ذوالفقار مہر نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں جنید،ماجد اور محسن شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران گٹکا فیکٹری کا مالک محمد محسن فرار ہوگیا۔ کارروائی کے دوران فیکٹری سے 2 عدد مشینیں ، منوں کے حساب سے چالیہ اور گٹکا بنانے کا سامان برآمد کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری کارروائی غیر قانونی مذبح خانے پر کی گئی۔ کارروائی کے دوران دو افراد کو حراست میں لے لیا۔

کارروائی کے دوران غیر قانونی مذبح خانے کا مالک علیم الدین اور شاہد فرار ہوگئے۔ ایس ایس پی کورنگی ذوالفقار مہر کے مطابق غیر قانونی مذبح خانہ کافی عرصے سے چلایا جارہا تھا۔ غیر قانونی مذبح خانے میں روزانہ کی بنیاد پر 40 سے زائد جانور ذبح کیے جاتے ہیں۔ مذبح خانے میں چھوٹے جانور بھی ذبح کیے جاتے ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ واقعہ میں ملوث پولیس افسر اور اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا امکان بھی ہے۔

متعلقہ عنوان :