واٹربورڈ رمضان میں شہریوں میں دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم کو ہر صورت ممکن بنانے کیلئے تمام تر وسائل اور بھرپور صلاحتیں بروئے کار لائے گا ، خالد محمود شیخ

اتوار 6 مئی 2018 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2018ء) ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے کہا ہے کہ واٹربورڈ رمضان المبارک کے دوران شہریوں میں دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم کو ہر صورت ممکن بنانے کیلئے تمام تر وسائل اور بھرپور صلاحتیں بروئے کار لائے گا ،شہر کو اس کی طلب سے کہیں کم پانی دستیاب ہے ،اس کے باوجود واٹربورڈ ملک کے سب سے بڑے شہر اور تجارتی حب کو دن رات پانی کی فراہمی وتقسیم کی ذمہ داری ادا کررہا ہے ،واٹربورڈ کے افسران و انجینئرز رمضان المبارک کے دوران اپنے فرائض منصبی مزید تندہی سے سرانجام دیں چیلنجوں سے نبردآزا ہوتے ہوئے شہریوں کی بہترسے بہتر خدمت کیلئے کمر کس لیں ، دن رات فراہمی آب کے نظام پر کڑی نگاہ رکھیں خصوصاً شہر کے دور دراز علاقوں کے مکینوں کو پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں ، ان خیالات کا اظہار انہوںنے حب ڈیم ، حب پمپنگ اسٹیشن، حب کینال کے معائنہ اورواپڈا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر برائے حب کینال احتشام صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا ،ایم ڈی واٹربورڈ نے یہ دورہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو دستیاب پانی کی مسلسل اور منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کیلئے کیا، اس موقع پر واٹربورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ خان ، چیف انجینئر بلک و ڈبلیو ٹی ایم غلام قادر عباس، سپرنٹنڈنگ انجینئر بلک عبدالرحمن شیخ ،انتخاب راجپوت، ایس ای ظفرپلیجو ،ایم ڈی واٹربورڈ کے اسٹاف آفیسر الہیٰ بخش بھٹو ،ایگزیکٹیو انجینئر آصف قادری اور دیگر سینئرانجینئرز اور افسران بھی تھے، ایم ڈی واٹربورڈ نے حب ڈیم ، حب کینال اور حب پمپنگ اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا ، فراہمی آب سے متعلق اعلیٰ افسران سے معلومات حاصل کیں اور کراچی کو حب ڈیم سے پانی کی فراہمی ، حب کینال کی نگہداشت ، صفائی و مرمت سے متعلق اہم ہدایات دیں ،انہوں نے حب ڈیم کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سے ملاقات کے دوران کہا کہ حب ڈیم سے کراچی کو پانی کی زیادہ سے زیادہ فراہمی کیلئے واٹربورڈ منصوبہ بندی کررہا ہے جس کے جلد مثبت نتائج برآمد ہوں گے، انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ اپنے زیر انتظام حب کینال کے رقبہ کی صفائی کا کام کررہا ہے جسے رمضان المبارک سے قبل مکمل کرلیا جائے گا ،واپڈا بھی اپنے زیر انتظام حب کینال کی صفائی کیلئے اقدامات کرے تاکہ حب کینال سے پانی کی فراہمی میں مزید روانی آسکے ، حب پمپنگ اسٹیشن کے دورے کے موقع پر انہوں نے متعلقہ سپرنٹینڈنگ انجینئر ز کو ہدایت کی کہ پمپنگ اسٹیشن کی موٹروں پمپس سمیت دیگرمشینری اور آلات کو درست حالت میں رکھا جائے تاکہ فراہمی آب میں کسی قسم کا تعطل کا خدشہ نہ رہے ۔

#