کوئٹہ کی ترقی اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے،بے سہارا بچوں کو سایہ فراہم کرنا، انکے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھنا عظیم خدمت ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

پیر 7 مئی 2018 00:00

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اتوار کے روز مری آباد کا دورہ کیا، صوبائی وزراء میر عاصم کرد گیلو، پرنس احمد علی بلوچ، مشیر خزانہ رقیہ سعید ہاشمی، رکن صوبائی اسمبلی محمد خان لہڑی، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی سردارزادہ اورنگزیب کھیتران اور دنیش کمار بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

وزیراعلیٰ نے شہید بے نظیر ہسپتال کے دورے کے موقع پر ہسپتال کے مختلف شعبوں شعبہ حادثات، لیبارٹری، ایکسرے روم، میل سرجیکل وارڈ اور چلڈرن وارڈ کا معائنہ کیا جہاں ہسپتال کی ایم ایس ڈاکٹر مریم نے وزیراعلیٰ کو ہسپتال سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر زیرعلاج مریضوں سے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے مسائل سنے۔

(جاری ہے)

بعدازاں وزیراعلی نے شفاخانہ صاحب الزمان کا دورہ کیا اور اس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ نے دورے کے دوران نوتعمیر شدہ ہزارہ قومی جرگہ ہال کا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے مری آباد دورے کے موقع پر وویمن ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں وویمن ٹریننگ سینٹر میں بچیوں کو مختلف ہنر سکھانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، وویمن ٹریننگ سینٹر میں زیر تربیت طالبات نے وزیراعلیٰ کو اپنے متعلقہ کورسز کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے وویمن ٹریننگ سینٹر میں طالبات کو دی جانے والی تعلیم وتربیت کو سراہتے ہوئے ادارے کو حکومت کی ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

صوبائی مشیر خزانہ رقیہ ہاشمی نے وزیراعلیٰ کے مری آباد کے دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں بعد کسی وزیراعلیٰ نے مری آباد کا دورہ کیا جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ مری آباد سمیت کوئٹہ ہم سب کا گھر ہے اسکی تعمیر وترقی اور خوبصورتی میں ہم سب کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہے تاکہ ہمارا شہر مثالی شہر بن سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کم وسائل اور قلیل مدت کے باوجود حکومت کی طرف سے جتنا ممکن ہوسکے کوئٹہ کی ترقی اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ نے علمدار روڈ پر واقع دارالفلاح کا دورہ کیا اور ادارے میں رہائش پذیر یتیم بچوں کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں زیرکفالت بچوں کے لئے سپورٹس اکیڈیمی کا افتتاح کیا جہاں بچوں نے کراٹے کے مختلف مظاہرے پیش کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ فلاح انسانیت میں ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا چاہئے جس سے دونوں جہانوں کی کامیابی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بے سہارا بچوں کو سایہ فراہم کرنا، ان کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھنا اور انہیں پڑھا نا لکھانا عظیم خدمت ہے جس میں ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس ادارے کو اپنا گھر سمجھیں اور جب آپ پڑھ لکھ کر بڑے آدمی بن جائیں تو اس جیسے ادارے سے بھرپور تعاون کریں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کراٹے پیش کرنے والے بچوں کے لئے دولاکھ روپے کا اعلان کیا۔ الفلاح کے سربراہ ملک افضل اعوان نے وزیراعلیٰ کو ادارے کی کارکردگی اور ادارے سے متعلق بریفنگ دی۔